شمالی وزیرستان اورکزئی ایجنسی اور سوئی میں بمباری اور جھڑپیں‘ 40 دہشت گرد ہلاک‘ کوہاٹ سے سات نعشیں برآمد‘ 3 اہلکار شہید : ژوب میں دو حملہ آوروں نے خود کو اڑا لیا‘ 400 کلو بارود برآمد
شمالی وزیرستان + ہنگو + کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن ضرب عضب اور خیبرون کامیابی سے جاری ہے، دتہ خیل میں فضائی کارروائی کے دوران مزید 16 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دو روز میں ہلاکتوں کی تعداد 39 ہو گئی جبکہ اورکزئی ایجنسی میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز پر حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ جھڑپ کے دوران 16 دہشت گرد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے، 4 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ادھر کوہاٹ میں دہشت گردوں سمیت 7 افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ سوئی میں ایف سی کی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ چارسدہ میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیربالا میں فائرنگ سے اے ایس آئی شہید ہو گیا جبکہ ایس ایچ او سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ بگٹی میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے حملہ میں ایک اہلکار شہید اور 7 زخمی ہو گئے۔ ژوب میں فورسز کی کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات اورکزئی اور خیبر ایجنسی کی سرحد پر واقعہ خزانہ کنڈاﺅ اور شیریں درہ میں سکیورٹی فورسز نے گھات لگائے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجہ میں دہشت گرد اپنے 9 ساتھیوں کی نعشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے دو شدید زخمی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے مزید 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ فضائی حملوں میں اسلحہ کا بڑا ڈپو بھی تباہ ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں دو اہم کمانڈر بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ایف آر کوہاٹ سے مبینہ دہشت گردوں سمیت سات افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ دو نعشوں کی شناخت قمرالزمان اور سہیل وزیر کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔ قمرالزمان کینٹ پولیس کو 2012 ءمیں ڈیرہ اسماعیل خان میں دسویں محرم پر بم دھماکوں میں مطلوب تھا ۔ دوسرے دہشت گرد سہیل وزیر کے خلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ دوسری جانب دیر بالا کے نواحی علاقے میں گرفتاری کے لئے آنے والی پولیس پارٹی پر اشتہاری ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے اے ایس آئی جاں بحق اور ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔ نہاگ درہ کے علاقہ بانڈئی میں اشتہاری ملزم ظفر کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا، فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر تھانہ جاگام سراج موقع پر ہی جاںبحق ہو گیا، ملزم ظفر کو گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقہ پٹ فیڈر میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کر دی جس سے ایک اہلکار شہید اور 7 زخمی ہو گئے جبکہ ژوب کے علاقے گوال میں حساس ادارے اور ایف سی نے مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران 2 خود کش بمباروں نے خود کو اڑا لیا، کارروائی کے دوران خودکش جیکٹس، 8 سو سے زائد بم 50 بارودی سرنگیں اور 2 سو کلوگرام بارود سمیت اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ برآمد کیا جانے والا گولہ بارود 4 سو کلوگرام سے زیادہ ہے۔ ادھر مردان پولیس نے دہشت گردی‘ بھتہ خوری اور سنگین مقدمات میں ملوث دہشت گرد کمانڈر امان اﷲ عرف عرفان خراسانی کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ پولیس نے حساس اداروں کی اطلاع پر چارسدہ میں کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان خاستہ گروپ کے دہشت گرد امان اﷲ عرف عرفان خراسانی اور ان کے دو ساتھیوں وسیع اﷲ اور روح اﷲ کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی مردان کے مطابق امان اﷲ خراسانی کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر تھی۔ دریں اثناءتربت کے علاقے دشت تلار میں نامعلوم افراد نے ایف سی کی کیمپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ سوئی کے علاقے سری نالہ میں ایف سی کی کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ ہلاک افراد فورسز پر حملے‘ پائپ لائن اڑانے اور ریلوے ٹریک تباہ کرنے میں ملوث تھے۔ آن لائن کے مطابق 8 فراری کمانڈر ہلاک ہوئے جبکہ 11 فرار ہو گئے۔ سبزل کیمپ سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
بمباری/ جھڑپ