افغانستان: پرتشدد واقعات میں 44 طالبان سمیت 158 افراد ہلاک
کابل (آن لائن) افغانستان میں پرتشدد واقعات میں 44 طالبان سمیت 58 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبہ قندھار کے حکومتی ترجمان سمیم فاہلواک نے بتایا کہ ضلع ڈانڈ میں طالبان کی جانب سے نصب کی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ دریں اثناء افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ لغمان میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چار عام شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ غزنی‘ قندھار‘ خوست‘ بدخشاں‘ جوزجین اور کنہڑ میں اتحادی فورسز کے آپریشن کلین اپ میں 44 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے طالبان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔