بے نظیر بھٹو کی برسی تقریبات میں بدنظمی، جیالے کھانے پر ٹوٹ پڑے، ہنگامہ آرائی
پشاور(نمائندہ خصوصی+آئی این پی) بینظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر پشاور میں منعقدہ تقریب میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر خانزادہ خان کو خطاب سے روک دیا گیا۔ پارٹی کے صوبائی صدر خانزادہ خان سٹیج پر تقریر کیلئے آئے تو پیپلز یوتھ ونگ نے سٹیج پر چڑھ کر شدید نعرے بازی کی اور خانزادہ خان کو تقریر کرنے سے روک دیا۔ اس دوران پیپلزپارٹی کے دیگر ورکروں اور یوتھ ونگ کے ورکروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ دریں اثناء ملتان میں بھی بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی اور جیالے کھانے پر ٹوٹ پڑے۔ تقریب کے اختتام پر کھانے کے پیکٹوں سے بھرا موٹر سائیکل رکشہ آیا تو جیالے چاول کے پیکٹ لینے کے لئے رکشے پر ٹوٹ پڑے اور پیکٹ چھینتے رہے۔ اس دوران چاول سے بھرے پیکٹ پھٹ گئے جس کی وجہ سے کھانا روڈ پر بکھر گیا۔ سکھر میں بھی کارکنان کھانے پر ٹوٹ پڑے جبکہ رہنما کارکنان کو صبر کی تلقین کرتے کرتے تھک ہار کر خاموش ہو گئے۔ کارکنان نے کھانے پر ایسا حملہ کیا جیسے کوئی دشمن پر حملہ کرتا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جیالے کھانے پر ٹوٹ پڑے، کسی کے ہاتھ میں مرغے کی ٹانگ آئی تو کوئی نانوں کے پیچھے بھاگتا رہا۔ جبکہ قائدین مزے سے وی آئی پی میزوں پر کھانوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ جیالوں نے کھانا میزوں تک پہنچنے سے قبل ہی ویٹروں سے راستے میں لوٹ لیا۔ دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود اسلحہ کی کھلے عام نمائش کی گئی۔ پولیس نے کسی اسلحہ بردار شخص کو گرفتار نہیں کیا۔