• news

حساس اداروں نے کوٹ لکھپت جیل پر حملہ کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ماں بیٹی کو رہا کر دیا ‘ ذہنی معذور بیٹا زیر تفتیش

لاہور(آئی این پی) حساس اداروں نے کوٹ لکھپت جیل پر حملہ کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ماں بیٹی اور بیٹا دہشتگرد تنظیموں سے روابط ثابت نہ ہونے پر رہا کر دیا جبکہ ذہنی معذور بیٹا ابھی زیر تفتیش ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھٹی کالونی کوٹ لکھپت کا رہائشی اسلم کچھ عرصہ قبل اپنی بیوی خدیجہ، 22 سالہ بیٹی ساجدہ اور 17 سالہ عرفان کے ساتھ خوش و خرم زندگی بسر کر رہا تھا‘ میاں بیوی میں تنازعات پیدا ہو گئے شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی اس موقع پر بیٹی اور ذہنی معذور بیٹے نے ماں کا ساتھ دیا جس پراسلم نے گھر چھوڑ دیا۔ چند روز قبل اس نے محلہ میں مشہور کر دیا کہ اس کی بیوی، بیٹی اور بیٹے کے دہشت گردوں سے روابط ہیں، بات اتنی بڑھی کہ بعض شہریوں نے یہ اطلاع تھانہ تک پہنچا دی۔ 22 دسمبر کی رات پولیس نے چھاپہ مار کر خدیجہ اس کی جواں سال بیٹی اور ذہنی معذور بیٹے کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے کسی نامعلوم جگہ پر پہنچا دیا، چھاپہ کے دوران پولیس نے گھر سے ٹین کے ڈبے برآمد کر لئے۔ ذرائع کے مطابق موقع سے نہ کوئی اسلحہ، بارودی مواد اور نہ ہی کوئی قابل اعتراض لٹریچر ملا۔ حساس اداروں اور پولیس کی انکوائری کے دوران ماں بیٹی اور بیٹے کے دہشت گردوں کے کسی نیٹ ورک سے روابط ثابت نہیں ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق ذہنی مریض بیٹے عرفان سے ابھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن