دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کا قیام خوش آئند ہے: یوسف گیلانی
رینالہ خورد (آن لائن) بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی بقاء اور ملک کی سالمیت کیلئے جان کی قربانی دی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہمارے موقف کی تمام سیاسی جماعتوں نے تائید کی ہے، ملک میں قیام امن کیلئے تمام جماعتوں کا مل بیٹھنا خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے رینالہ خورد میں سابق وزیر مملکت سید صمصام علی شاہ بخاری، ضلعی صدر اشرف سوہنا، تحصیل صدر ملک طارق جاوید ننھا اور دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ فوجی عدالتوں کا قیام خوش آئند ہے۔ دہشتگردی پاکستان کیلئے ناسور اورسب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے محترمہ بینظیر بھٹو دور اندیش لیڈر تھیں۔ آمریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے جمہوریت کے قیام کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ سیاسی قائدین کو بھی اختلافات بھلا کر متحد ہونا چاہئے تاکہ ملک سے دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کیاجا سکے۔ آصف علی زرداری اوربلاول بھٹو نے صوبائی سطح پر عوامی رابطہ بحال کرنے کے بعد اب ڈویژن، ضلع اور تحصیل لیول پر پارٹی کو فعال کرنے کیلئے رابطہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔