• news

لاہور سمیت ملک گیر سرچ آپریشن جاری، اہم کمانڈرز اور328 مشتبہ افراد گرفتار: بنوں میں دہشت گرد مارا گیا

لاہور ؍ نوشہرہ؍ کوئٹہ؍ کشمور (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر +آئی این پی + این این آئی) لاہور سمیت ملک بھر میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس دوران 7 دہشت گردوں اور 13 افغان باشندوں سمیت 328 مشکوک افراد گرفتار کرلئے گئے، زیر حراست افراد کے قبضے سے5 دستی بم اور 4 کلو بارودی مواد ، افغان سموں سمیت بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔ نوشہرہ میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کر کے 13 افغانیوں سمیت 31 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور افغان سمز بھی برآمد کیں۔ کوئٹہ میں سریاب کے علاقے قلی سمالانی میں ایف سی اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ صوابی کے علاقے کالو خان، شملو اور برکی میں قائم مہاجر کیمپ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 50 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ سندھ کے علاقے کشمور میں پولیس نے کارروائی کر کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جو ریلوے اور دیگر سرکاری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے 5 دستی بم اور 4 کلو بارودی مواد بھی بر آمد کرلیا۔ این این آئی کے مطابق کوئٹہ میں حفاظتی انتظامات سخت ہونے کے سبب دہشت گردوں کو خودکش دھماکہ کرنے کاموقع نہیں مل سکا اور وہ خودکش جیکٹ نالے میں پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق بروری روڈ کے علاقے وحدت کالونی کے عقب سے گزرنے والے نالے میں مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع پر بروری پولیس تھانہ کے عملے نے بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے کو طلب کیا جس نے نالے میں اتر کر وہاں پڑی ہوئی خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا۔ ناکارہ بنائی جانیوالی خودکش جیکٹ کا وزن 12 کلو ہے جس میں بارود اور بال بیرنگ شامل ہیں۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف علاقہ جات میں گرینڈ سرچ آپریشن کرتے ہوئے 58 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے وتہ خیل چوک، مسلم بازار، پل تھل کینال، گلبرگ چوک وغیرہ میں سرچ آپریشن کیا۔ مشکوک افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کرکے پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق ایس پی صوابی سجاد خان کے زیر نگرانی ضلع بھر کے پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 120مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے افغان مہاجر کیمپ بارہ گئی سلیم خان ، چھوٹا لاہور اور رزڑ کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا اور پولیس نے افغانستان کے علاوہ باجوڑ اور مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 120افراد کو حراست میں لے لیا ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے بعض کے پاس شناختی کارڈ بھی نہیں تھے۔جلالپور جٹاں سے نامہ نگار کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم پٹھانوں اور افغانیوں کے خلاف پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں افغانیوں کو حراست میں لے لیا۔ صدر سرکل جلالپورجٹاں کے تمام تھانوں کے علاقوں میںغیر قانونی طور پر رہائش پذیرافغانوں کے خلاف کریک ڈائون کیا گیا۔ کاغذات مکمل نہ ہونے اور غیر قانونی رہائش پذیر افغانوں جن میں رحیم گل، مقصود خان، مجاہد خان، جواد شاہ، ثناء گل، نعیم خان، آزاد گل، نذیر خان، لیاقت اللہ سمیت درجنوں افغانوں کو حراست میں لے لیا صبح سویرے شروع ہونے والا آپریشن جلالپورجٹاں، دولت نگر،کڑیانوالہ کے علاقوں میں شام تک جاری رہا جبکہ تھانہ کنجاہ کے علاقہ میں رات گئے تک جاری رہا۔ حراست میں لئے گئے تمام افغانی اپنی شناخت اور رہائشی کاغذات پیش کرنے میں ناکام رہے۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابق کینٹ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 133افرادکو کوائف مکمل نہ ہونے پر حراست میں لے لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کی ہدایت پر ایس پی ندیم کھوکھر کی قیادت میں کینٹ ڈویژن میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپر یشن ایئر پورٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے ساتھ گوہاواموڑ ، کے بی کالونی ، عاطف آباد، اسماعیل ٹائون، جلال پارک اور الفیصل ٹائون ڈی بلاک میں کیا گیا۔ سرچ آپریشن میں ایک ایس پی، 3 ڈی ایس پیز، 10ایس ایچ اوز ، 7لیڈی پولیس اہلکاروں، 2 ایلیٹ کی گاڑیاں،5 قیدیوں کی گاڑیوں سمیت 50 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 325گھروں کو چیک کیا گیا۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 42افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ سرچ آپریشن کینٹ، صدر، اقبال ٹائون ڈویژن میں کیا گیا جبکہ شہر میں لگے ناکوں سے بھی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پولیس نے جلوموڑ کے علاقے سے سرچ آپریشن کے دوران 76مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
بنوں / خیبر ایجنسی (آئی این پی+نوائے وقت نیوز) بنوں میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے شدانی جبہ میں سکیورٹی فورسز اور انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کی ، جس کے نتیجے میں چھ مشتبہ افراد گرفتار جبکہ مکان سے 235 کلو چرس بھی برامد کی گئی۔ اس کے علاوہ جمرود وزیر ڈنڈ میں بھی کارروائی کی گئی، جس میں اہم شدت پسند کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی۔ کالعدم تحریک طالبان مینہ جان گروپ سے تعلق بتایا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن