پیپلز پارٹی نے بینظیر کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کردیا، حکومت کی قانونی ماہرین سے مشاورت: ذرائع
فیصل آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے بم دھماکے کے مقدمہ میں ملوث ملزموں کے مقدمے کا چالان خصوصی عدالت سے فوجی عدالت میں منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جس پر حکومت شش و پنج کا شکار ہے، اس سلسلے میں حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر نامور قانون دانوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت بشمول سابق صدر آصف علی زرداری اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر ارکان نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں دیگر دہشت گردی کے مقدمات کیساتھ ساتھ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم جن میں سابق صدر پرویز مشرف‘ سابق ڈی آئی جی سعود عزیز اور ایک ایس ایس پی سمیت کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کا مقدمہ نئی قائم ہونے والی فوجی عدالت کے سپرد کیا جائے تاکہ جلد فیصلہ ہو۔ خورشید شاہ نے بھی بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر یہ مطالبہ کیا کہ ان کا قتل کیس بھی فوجی عدالت کو منتقل کیا جائے۔