• news

کراچی میں آتشزدگی، وفاق متاثرین کی مدد کریگا: اسحق ڈار، الطاف کو فون

کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے کراچی کی ٹمبر مارکیٹ میں ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ الطاف حسین نے وفاقی وزیر خزانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ کی صوبائی حکومت آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی مدد کے بجائے محض وضاحتیں کر رہی ہے۔ کسی بھی قدرتی آفات اور حادثات میں عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے وفاقی حکومت کو بھی اپنا بھرپورکردار ادا کرنا چاہئے۔ صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ نہ کرتیں تو شہریوں کی املاک کو بچایا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا وفاقی وصوبائی حکومتوں کا فرض ہے وہ وی وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرکے حکومت کے ہر شعبہ میں کفایت شعاری سے کام لے، وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور وزراء کی شاہ خرچیاں بند کی جائیں اور سرکاری فنڈز کو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے استعمال کیا جائے۔ الطاف حسین نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ٹمبر مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی بھرپور مدد کی جائے۔ الطاف حسین نے تجویز دی وفاقی حکومت قانون سازی کرکے اس بات کو یقینی بنائے چاروں صوبوں میں حکمراں جماعت اپنے جلسے جلوسوں میں سرکاری وسائل، سرکاری مشینری اور افرادی قوت استعمال نہ کر سکے۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے الطاف حسین کو یقین دلایا وفاقی حکومت کراچی میں آتشزدگی سے متاثرہ عوام کی ہرممکن مددکرے گی۔ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری کو بھی ٹیلی فون کر کے ٹمبر مارکیٹ کراچی میں آگ لگنے سے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا وزیراعظم نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وفاقی حکومت ہرممکن تعاون کریگی۔

ای پیپر-دی نیشن