ایران گیس منصوبہ: پاکستان جرمانہ ادا نہیں کریگا، نئی مفاہمت ہوگئی: برطانوی اخبار
لندن/کراچی (آئی این پی)معروف برطانوی اخبار فنانس ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے ایران اور پاکستان کے درمیان ایک نئی مفاہمت طے پاگئی ہے‘ گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ایران کو کسی قسم کا کوئی جرمانہ ادا نہیں کرے گا۔ اخبار کے مطابق نئی مفاہمت کے مطابق ایران اپنے اس مطالبے سے دست بردار ہوگیا ہے۔ ایران سے گیس حاصل کرنے میں ناکامی کی صورت میں پاکستان کو یکم جنوری 2015ء سے ماہانہ دو سو ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنا تھا۔ اخبار نے پاکستان کے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے دعویٰ کیا ایران کے ساتھ ایک نئی مفاہمت طے پاچکی جس کے مطابق یکم جنوری سے کسی بھی قسم کی سزا کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اخبار کے مطابق ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں تاخیر، نامکمل یا التوا کی صورت میں معاہدے میں طے کردہ شرائط کے تحت پاکستان کو یکم جنوری 2015ء سے ایران کو جرمانے کی صورت میں ادائیگی کرنا تھی۔ پاکستان نے ایران کو قائل کرلیا ہے کہ ایران کے جنوبی پارس گیس فیلڈ سے گیس حاصل کرنے میں اسلام آباد کی ناکامی میں تلافی کے طور پر ماہانہ 200 ملین ڈالر ادا نہیں کرے گا۔