حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمشن کے قیام پر فیصلہ کن مذاکرات کل ہونگے
اسلام آباد (آئی این پی) حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیمیں گزشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق رائے کیلئے (کل) منگل کو دوبارہ مذاکرات کا آغاز کریں گی، مذاکرات کا یہ دور فیصلہ کن ہونے کی امید ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی دونوں جانب سے اس بارے میں خاصی امید کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی رہائش پر ہونے والے مذاکرات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین اور حکومت کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال شریک ہوں گے۔ دونوں مذاکراتی ٹیمیں جوڈیشل کمشن کے نئے مسودے پر اپنی اپنی قیادت کے موقف سے ایک دوسرے کو آگاہ کریں گی۔ امکان ہے کہ منگل کو مذاکرات میں کوئی بریک تھرو ممکن ہو اور دونوں فریق جوڈیشل کمشن کے قیام کیلئے تیار کئے گئے مسودے پر اتفاق کر لیں۔