• news

پریشان نہیں ہوتا، نواز شریف کا مودی کی تقریب حلف برداری میں جانا پسند نہیں آیا: مشرف

اسلام آباد(آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میرا دور خوشحال تھا‘ افتخار چودھری کی معطلی پر افسوس ہوا تھا‘ بھارتی وزیراعظم مودی کی تقریب حلف بردار میں نواز شریف کا بھاگم بھاگ جانا پسند نہیں آیا‘ فن اور فنکاروں کو اپنے دور میں سپورٹ کیا۔ ایک انٹرویو میں مشرف کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس کی معطلی کا بہت افسوس ہوا کیونکہ اس وقت وکلاء کے علاوہ عوام بھی میرے خلاف ہوگئے تھے اس وقت عمران خان بھی افتخار چودھری کے سپورٹر تھے۔ ایک سوال کے جواب میں مشرف کا کہنا تھا کہ میں پریشان بالکل نہیں ہوتا، میرا پریشان ہونا اتنا آسان نہیں بلکہ بالکل بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستان میں سرمایہ کاری عروج پر تھی۔ 2006ء میں ہم دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی تیسری معیشت تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سید ہیں اور انہیں اللہ کی ذات پر یقین ہے۔ مذہب اللہ اور بندے کے درمیان آپس کا معاملہ ہے۔ ریاست کا کوئی حق نہیں کہ خدا اور بندے کے درمیان تعلق میں مداخلت کرے جبکہ مذہب و ریاست کو علیحدہ کرنا لازم اور اس کا احترام واجب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن