کراچی میں آتشزدگی، حکومت متاثرین کو معاوضہ اداکرے: شجاعت، پرویز الٰہی
لاہور (خبر نگار) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے ٹمبر مارکیٹ کراچی میں آتشزدگی کے واقعہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹمبر مارکیٹ کے متاثرہ دکانداروں اور آتشزدگی میں اپنی املاک سے محروم ہوجانے والے رہائشی بلڈنگوں کے مکینوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کو چاہئے انہیں نقصانات کے معاوضہ کی فوری ادائیگی کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا ملک بھر میں ایسے سانحات سے عوام کے جان و املاک کی حفاظت کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اپنے مشترکہ بیان کے آخر میں دونوں رہنمائوں نے امید ظاہر کی سندھ حکومت کے علاوہ وفاقی حکومت بھی متاثرین کی امداد و بحالی میں مدد دے گی۔