واجبات کی عدم ادائیگی پر وفاقی و صوبائی اداروں کی بجلی کاٹنے کا حکم
ملتان (نامہ نگار خصوصی) وزارت پانی و بجلی نے اربوں روپے کے واجبات اور بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے پر وفاقی و صوبائی حکومت کے اداروں محکموں کی بجلی کاٹنے کا حکم دے دیا۔ آج متعدد نادہندہ محکموں کے کنکشن منقطع کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی نے تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے اور پرائیویٹ صارفین سے کی جانے والی ریکوری مہم پر بھی شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے مستقل و دیرینہ نادہندگان سے بھی وصولیوں کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے لائن سٹاف نے اتوار کے روز بھی ریکوری مہم چلائی اور بڑی تعداد میں نادہندگان کے کنکشن منقطع کردیئے سرکاری تعطیل کے روز نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری رہا۔ میپکو نے ریکوری کا 100 فیصد ہدف یقینی بنانے کیلئے آپریشن کیا۔ میپکو کے مطابق مسلسل 2 ماہ سے بلوں کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے ایسے بل جن کی ادائیگی کی تاریخ میں وقت باقی ہے کہ کنکشن کاٹ دیئے گئے۔