• news

سانحہ پشاور کے تناظر میں افغان مہاجرین، خارجہ امور پالیسیوں پر نظرثانی ضروری ہے: پرویز خٹک

پشاور (این این آئی) وزیراعلی خیبر پی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے تناظر میں پاکستان کو مکمل محفوظ بنانے کیلئے افغان مہاجرین اور خارجہ امور سے متعلق پالیسی پر نظرثانی وقت کا تقاضا ہے جبکہ فاٹا کی سرحدوں پر مطلوبہ تعداد میں ایف سی پلاٹونز تعینات کرکے نہ صرف خیبر پی کے بلکہ پورے ملک کو محفوظ بنانا بھی ضروری ہو گیا ہے۔ دوسری طرف صوبے کے اندر شہروں ، بازاروں اور مذہبی و عوامی مقامات کی فول پروف سیکورٹی کیلئے حکومت اور شہریوں کے فرائض کا واضح طور پر تعین بھی ناگزیر ہے جس کیلئے ہم اپوزیشن سمیت پارلیمان کی مشاورت سے متفقہ بل لا رہے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے واقعات گزشتہ دو عشروں پر محیط ہیں مگر ماضی میں اندرونی سکیورٹی پر توجہ دی گئی اور نہ ہی مناسب قانون سازی کی گئی اگر شہری تنصیبات پر شروع دنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگ جاتے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا تا تو دہشت گردی اور انکے نقصانات پر خاطرخواہ قابو ممکن تھا۔ پرویز خٹک نے اس شرکاء کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا کہ تمام سرکاری و نجی املاک، تنصیبات اور حساس مقامات کی سکیورٹی اکیلے حکومت اور پولیس کے بس کی بات نہیں بلکہ نجی اداروں اور عوامی طبقوں کی انفرادی و اجتماعی کوششوں اور ذمہ داریوں سے ہی سو فیصد حفاظت ممکن ہے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے تیمرگرہ حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو واقعے کی مکمل چھان بین کرنے، حادثے کی وجوہات اور ذمہ دار اہلکاروں یا اداروں کے واضح تعین پر مبنی انکوائری رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے اور آئندہ اس طرح کے المناک حادثات کی روک تھام کیلئے فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کر دی۔ ہفتہ کو تیمرہ گرہ کے قریب گائوں دانواہ میں سڑک کنارے کھلے سر والے اس کنویں میں مبینہ طور پر تیز رفتار موٹر کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گر گئی جس سے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے اور رات ہو جانے کے سبب دو افراد کی لاشیں بھی نہ نکالی جا سکیں وزیراعلیٰ نے اس بات کا علم ہونے پر انتہائی برہمی اور تشویش کا اظہار کیا کہ ماضی میں بھی یہ کنواں حادثات اور متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کا باعث بنتا رہا مگر بروقت اقدامات نہیں کئے گئے اور واضح کیا کہ اسطرح کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن