• news

کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی شہباز شریف کی خدمات لائق تحسین ہیں: باکسر عامر خان

لاہور(خبر نگار + سپورٹس رپورٹر) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے موقع پر سلور لائٹ ویلٹر کیٹگری کا مقابلہ جیتنے پر ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے ملنے والی چیمپئن شپ بیلٹ بھی وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو دکھائی جس پر وزیراعلیٰ نے باکسر عامر خان کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ رنگ میں بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے مخالف باکسر آپ کے تابڑتوڑ مکوں کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ باکسر عامر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے لاہور میں باکسنگ کیلئے جدید اکیڈمی کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اکیڈمی پاکستان میںباکسنگ کے کھیل کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گی اور میری خدمات پاکستانی باکسرز کو تربیت دینے کیلئے حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نہ صرف فلاح عامہ کے کاموں کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے بلکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ داتار دربار آمد کے موقع پر انکے والد‘ والدہ ‘ بھائی اور دیگر رشتہ دار بھی انکے ہمراہ تھے۔ عامر خان نے داتا دربار پر حاضری دے کر پاکستان کی سلامتی، پشاور میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور اپنی کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد اور پرامن ہے۔ مجھے سانحہ پشاور پر بہت دکھ ہے اور میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کے لئے جائوں گا۔ پاکستان میں باکسنگ سمیت ہر شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، میری کوشش ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کیلئے عالمی معیار کی اکیڈمیز بنائی جائیں۔ پاکستان میں ہر کوئی امن چاہتا ہے، پاکستانی اچھی سوچ کے حامل اچھے مسلمان ہیں یہاں انشاء اللہ جلد مکمل امن بحال ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن