دہشت گردوں کی پھانسیوں پر یو این او کو انسانی حقوق یاد آرہے ہیں: حافظ سعید
سیالکوٹ (نامہ نگار) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میںدہشت گردوں کی پھانسیوں پر یو این او کو انسانی حقوق یاد آ رہے ہیں۔ جب فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم مسلمانوں کو ظالمانہ طریقہ سے شہید کیا گیا اس وقت انسانی حقوق کے چیمئین کہاں تھے۔ پاکستان میں خود کش دھماکے اور پشاور میں معصوم بچوں کو شہید کرنے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے افغانستان میں بھارت کے سفارت خانے ہیں۔ امریکہ پاکستان سے اپنی شکست کا بدلہ لے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پسرور میں مقبوضہ کشمیر میں شہید ہو نے والے مجاہد ابو موسیٰ خاور کی غائبانہ نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ئے کیا۔ انہوں نے کہا میں داعش کو بھی کہتا ہوں اگر وہ سچے ہیں تو اسرائیل کے خلاف جہاد کریں۔ طالبان کو کہتا ہوں کہ اگر انہوں نے جہاد کرنا ہے تو کشمیر اور افغانستان کے محاذ پر جا کر لڑیں۔ علماء کرام تکفیر اور خارجیت کے فتنہ کو ختم کرنے کے لئے نوجوانوں کی ذہن سازی کریں۔ معصوم بچوں کو مارنے والے کون سا جہاد کر رہے ہیں؟ پاکستان کو کشمیر کی طرح ہڑپ کرنے کے لئے امریکہ اور بھارت سرمایہ خرچ کر کے پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں۔