• news

کراچی: فائرنگ، تشدد کے واقعات، حادثات، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ہلاک

کراچی (کرائم رپورٹر) شہر قائد میں اتوار کے روز فائرنگ، تشدد کے واقعات اور حادثات میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 2 گینگسٹر مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی میں جہان آباد کی مسجد کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار خداداد اور عبدالحفیظ جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آوروں کا تعلق گینگ وار گروپوں سے ظاہر کیا جا رہا ہے۔ لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران بابا لاڈلہ گروپ کے 2 گینگسٹر جن کے نام ظاہر نہیں کئے گئے مارے گئے۔ سعید آباد ٹریننگ سنٹر میں زیرتربیت پولیس اہلکار جمیل رند پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا اسکا تعلق نواب شاہ سے بتایا گیا تاہم اسکی موت کی وجوہات کا پتہ نہیں لگ سکا۔ ادھر کلفٹن کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن جنوبی خواجہ نوید کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا تاہم ایس ایس پی محفوظ رہے۔ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد سمیت دس ملزموں کو گرفتار اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ بلدیہ ٹائو ن نمبر تین میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 25 سالہ آصف، سپر ہائی وے پر لنک روڈ پر تیز رفتار ڈمپر اور سوزوکی کے درمیان تصادم میں 22 سالہ رمضان، سٹیل ٹائون کے علاقے میں فیکٹری ورکر 18 سالہ محمد نذیر، ڈیفنس لائبریری میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان زوہیب، ڈیفنس میں خیابان محافظ پر دو کاروں میں تصادم کے نتیجے میں 54 سالہ جمیل احمد ہلاک اور 24 سالہ ملک ذیشان زخمی ہوگیا جبکہ ماڑی پور میں بجلی کا ٹرانسفارمر گرنے سے دو افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک کا نام عالم زیب ولد یوسف معلوم ہوا ہے جس کی عمر تقریباً 30 سال تھی جبکہ ہلاک ہونے والے دوسرے 28 سالہ شخص کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن