• news

باکسنگ اکیڈمی کیلئے پنجاب حکومت‘ عامر خان کے درمیان معاہدہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) عامر خان باکسنگ اکیڈمی کیلئے پنجاب حکومت اور باکسر عامر خان کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باکسنگ کنگ عامر خان نے کہاکہ وہ جولائی سے شروع ہونیوالی اکیڈمی میں خود نوجوان باکسرز کو تربیت دیں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامرخان نے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے طویل عرصے سے اولمپک میں میڈل نہیں جیتا جبکہ ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز میں بھی باکسنگ کے گولڈ میڈل پاکستان نہیں آرہے، نوجوان باکسرز میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، جولائی سے لاہورمیں شروع ہونیوالی عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دے گی جس میں باکسر تیار ہوکر پاکستان کیلئے ٹائٹل جیتیں گے۔ عامرخان نے کہاکہ وہ خود بھی خصوصی پر کوچنگ کیلئے پاکستان آئیں گے۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں زیرتعمیر باکسنگ کمپلیکس وفاق سے حاصل کرلیا گیا ہے جسے پنجاب حکومت کو جون تک تیار کرلے گی اور جولائی سے عامر خان باکسنگ اکیڈمی کام شروع کردے گی۔ صوبائی وزیرکا کہنا تھا کہ عامر خان کی کوچنگ اور نگرانی سے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے بہترین ٹریننگ دی جائے گی جس سے پاکستان کا نام روشن ہوگا۔ پریس کانفرنس کے بعد عامرخان نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جمع ہونیوالے مداحوں سے ملاقات کی اور اس موقع پر کہاکہ پاکستان ان کا ملک ہے اور یہاں کے لوگوں کی محبت انہیں ہرسال لاہور کھینچ لاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن