• news

فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 5مجرموں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی

 اسلام آباد( آن لائن )فوجی عدالت سے موت کی سزا پانے والے 5مجرموں نے لاہور ہائی کورٹ سے اپیل مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے ، لئیق سواتی ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر اپیل میں ان مجرموںکو دی گئی سزائے موت کے فیصلے کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ احسن عظیم ، عمر ندیم ،عامر یوسف ، آصف ادریس اور کامران اسلم کو فوجی عدالت نے کورٹ مارشل کے بعد سزائے موت سنائی تھی جبکہ ملزمان کا موقف ہے کہ وہ فوجی اہلکار نہیں بلکہ سویلین ہیں اس لئے فوجی عدالت ان کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتی ۔ سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ان کا موقف تسلیم کرتے ہوئے سزائے موت پر عملدرآمد روکنے کیلئے حکم امتناعی جاری کیا تھا لیکن حکومت کی طرف سے اپیل پر اگلے ہی روز یہ حکم امتناعی ختم کرتے ہوئے سزائے موت بحال کردی گئی ۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالت سویلین کیخلاف کارروائی نہیں کرسکتی ۔ لاہور ہائی کورٹ کا حکم امتناعی جاری کرنے کا فیصلہ درست تھا جبکہ حکومت کی طرف سے دائر کردہ اپیل غلط تھی لیکن لاہور ہائی کورٹ نے اسے تسلیم کرلیا ۔ سپریم کورٹ سے ان کی سزا پر نہ صرف عملدرآمد روکنے بلکہ اسے معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ فوجی عدالتوں کی طرف سے دی گئی سزاﺅں کیخلاف اپیلوں کی سماعت کرسکتی ہے۔
سزائے موت/ اپیل مسترد

ای پیپر-دی نیشن