• news

سرچ آپریشن جاری‘ کوئٹہ میں اہم کمانڈر سمیت چودہ دہشت گرد چارسدہ میں چالیس مشتبہ افراد گرفتار

کوئٹہ + چارسدہ + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں + نمائندگان) ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی سرچ آپریشن جاری رہا۔ کوئٹہ کے مشرقی پاس پر حساس اداروں اور انسداد دہشتگردی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پولیو ٹیم پر حملے کے ماسٹر مائنڈ اور کالعدم تنظیم کے ایک اہم کمانڈر سمیت 14 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں 9 غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود اور ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد ہوا جس کے بعد دہشتگردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ ادھر پولیس نے سوات میں سرچ آپریشن کے دوران 120 اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ، بارود اور منشیات بھی برآمد کر لیں گئیں۔ ادھر چارسدہ میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی سرچ آپریشن کے دوران 40 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد جبکہ چارسدہ پولیس نے ضلع بھر میں غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں اور مالک مکان کیخلاف بھی کریک ڈاﺅن کرکے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار افراد میں افغان مہاجرین اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر لورالائی اور مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کا سرچ آپریشن جاری ہے۔کوئٹہ روڈ پر ایک چھاپے میں پانچ افغان باشندوں کو دستاویزات نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو افغان باشندوں غلام حیدر اور دلاور خان کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک افغان باشندہ گل خان موقع سے فرار ہو گیا۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ صدر شکر گڑھ اور نورکوٹ پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 4 افغانیوں کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ آن لائن کے مطابق ہائی سکیورٹی جیل مردان میں 127خطرناک شدت پسند قیدیوں کی منتقلی 3 جنوری سے شروع کر دی جائیگی۔ مردان جیل میں پھانسی گارڈ بھی تیار کر لیاگیا ہے۔ نئے تعمیر ہونے والی جیل کا افتتاح دو جنوری کو وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کرینگے ۔ صوبے میں اپنی نوعیت کی قائم کی جانے والی جدید ترین جیل میں ساڑھے پانچ ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہیںجبکہ 127خطرناک شدید ترین قیدیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ بارکیں موجود ہیں دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر مردان میں قائم کی جانے والی ہائی سکیورٹی جیل میں خطرناک ترین قیدیوں کو منتقل کیا جائے گا۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 56 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ 45 کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
دہشت گرد گرفتار










ای پیپر-دی نیشن