• news

ارض وطن کو دہشت گردوں سے ہمیشہ کیلئے پاک کر دیا جائیگا: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر+خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ تمام دہشت گرد ہمارے ملک کے دشمن ہیں۔ معصوم بچوں اور شہریوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میںآخری فتح ہماری بہادر اور غیور قوم کے حصے میں آئے گی۔ وزیراعظم محمدنوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی خود قیادت کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کر کے قوم کو نیا ولولہ اور ناقابل تسخیر عزم بخشا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹاﺅن پارٹی سیکرٹریٹ میں فیڈرل ایڈوائزری کونسل برائے سوشل ٹراما کی صوبائی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ماروی میمن، رانا مشہود احمد خان، زعیم حسین قادری اور صوبائی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں عظمت اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کررہی ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کا خواب ہماری مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں ہی پورا ہو گا۔ اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ ٹراما سائکو سوشل کورس کی یونیورسٹی کی سطح پر لازمی تدریس کیلئے صوبائی محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پنجاب اسمبلی کے نیشنل ہیلتھ ایکٹ 2001کے جائزے کے بعد اس پر قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو مذکورہ سٹیئرنگ کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کیاگیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت نے پاکستان میں معاشی و سماجی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا اور عام آدمی اس قسم کی سرگرمیوں سے براہ راست ذہنی عدم تحفظ اور پریشانی میں مبتلا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور دیگر آفات کے متاثرہ افراد کی ذہنی و نفسیاتی بحالی کیلئے قائم کی گئی ایڈوائزری کونسل کے ماتحت پنجاب میں بھرپور اقدامات کئے جائیںگے تاکہ دہشت گردی اور دیگر آفات کی وجہ سے ذہنی صدمے اور شاک کے شکار افراد کو دوبارہ معاشرے کا نارمل اور مفید رکن بنایا جا سکے۔

حمزہ شہباز


ای پیپر-دی نیشن