• news

دھند : ٹریفک حادشات میں دس افراد ہلاک‘ گیس کی بندش کیخلاف بھی مظاہرے بجلی بھی غائب

لاہور(نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ خبر نگار+نمائندگان) پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج برقرار رہا، ٹریفک حادثات میں ماں، بیٹے اور بیٹی سمیت 10افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ شدید دھند کے باعث پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بُری طرح متاثر ہوا جبکہ گزشتہ روز بھی گیس کی شدید بندش برقرار رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے جس کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، ملتان، بہاول پور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور اور رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، مختلف مقامات پر حدِ نگاہ صفر رہی، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا رہا، موٹر وے پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند جبکہ اےئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، ٹرینوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا۔ اوکاڑہ بائی پاس رینالہ خورد کے قریب شدید دھند کی وجہ سے دو بسیں ٹرالر سے ٹکرا گئیں۔ ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ بچوں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ قصور لاہور روڈ پر دھند کے باعث وین اور ٹریکٹر ٹرالی میں ٹکر ہوگئی۔ تصادم میں ایک بچی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف کوہاٹ یونیورسٹی کے قریب بنوں روڈ پر ٹرک نے سوزوکی وین کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور شہر سے ملحقہ مضافاتی علاقے شدید دھند کی زد میں ہونے کی وجہ سے گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر دھند کی چادر تن گئی۔ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے علاوہ پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث ٹریفک کے مختلف حادثات میں 4 افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک ضیعف العمر شخص اور دو کمسن بہنوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ننکانہ صاحب سے صادق آباد جانےوالی مسافر گاڑی BSA-721 سلطان پور موڑ رحیم یار خاں کے قریب کراچی سے لیاقت پور آنےوالی بس سے دھند کے باعث آمنے سامنے ٹکرا گئیں جس کے نتیجہ میں ننکانہ سے صادق آباد جانےوالی بس کا ہیلپر جاوید اور دو مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بس کا ڈرائیور محمد شاہد شدید زخمی ہوگیا کراچی سے لیاقت پور آنےوالی بس کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں ننکانہ بچیانہ بائی پاس کے قریب ایک گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر 70سالہ ضیف العمر شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ننکانہ بچیکی روڈ پر ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کے سامنے اچانک کتا آجانے کے باعث موٹر سائیکل الٹ گئی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار دو بہنیں 8سالہ آمنہ اور 9سالہ صدف شدید زخمی ہوگئیں۔ خوشاب اور قائد آباد سے نامہ نگاران کے مطابق جہلم پل کے قریب زائرین مسافر وین اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجہ میں ماں بیٹے اور بیٹی سمیت جاں بحق ہو گئی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند کے باعث شہر کے مختلف مقامات پر 8ٹریفک حادثات میں 12مردوخواتین زخمی ہو گئے۔ ساہےوال/ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق شاہ پور روڈ پر موچی وال کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ساتھی کزن شدید زخمی ہو گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق دو ہفتے سے سوئی گیس نہ آنے کے خلاف حاجی پورہ کی خواتین نے سوئی گیس کے ضلعی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سوئی گیس انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے سینہ کوبی بھی کی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میںسوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ سے اکتائے ہوئے شہری سڑکوں پرنکل آئے، سینکڑوں افراد نے پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، خواتین سینہ کوبی کرتی رہیں۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث گیس کی ڈیمانڈ مزید بڑھ گئی جس سے شارٹ فال بڑھ کر 1900ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گیا۔ شارٹ فال میں اضافہ کی وجہ سے گھریلو صارفین کے لئے گیس پریشر مزید کم ہو گیا۔ جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب متبادل ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ دوسری جانب متبادل ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔ سادھوکے سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ پر گزشتہ 6گھنٹے سے ٹریفک بندش کے دوران مبینہ طور پر کمشنر گوجرانوالہ سمیت دیگر شخصیات بھی ٹریفک میں پھنسے رہے۔ پولیس کے خلاف احتجاج کے بعد ٹریفک بحال ہونے سے بھی دھند کی وجہ سے گاڑیوں کی سست روی کے باعث سینکڑوں مسافروں کو انتہائی تاخیر سے منزل مقصود تک پہنچنا پڑا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی اورگےس کی غےراعلانےہ بندش بدستور جاری رہی، گھرےلو صارفےن کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے، شہر مےں 12سے 14گھنٹے جبکہ گردونواح کے علاقوں مےں 16گھنٹوں تک گےس اور بجلی کی غےراعلانےہ بندش کا سلسلہ جاری رہم جسکی وجہ سے گھرےلو صارفےن کو شدےد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، گےس کے کم پرےشر اورگےس کی بندش کے خلاف گرجاکھ ، باغبانپورہ حافظ آباد روڈ سوئی گےس والا گلہ، وحدت کالونی اوردےگرعلاقوں کے مکےنوں نے سوئی گےس حکام کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ علاوہ ازیں مسلسل خشک موسم کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ علاوہ ازیںبجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث شارٹ فال ایک بار پھر بڑھ کر چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ شارٹ فال میں اضافہ کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا، بدترین لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر کر دیں۔ شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر 15 گھٹنے اور دیہی علاقوں میں 20 گھٹنے تک کر دیا گیا، مرمت کے نام پر تمام سب ڈویژنوں میں تین، تین فیڈرز دس دس گھنٹے کے لئے بند رکھے گئے۔ نامہ نگار کے مطابق شدید ترین دھند میں بھی عوام کی سہولت کے لئے موٹر ویز کو بند نہیں کیا جائے گا، موٹر وے پولیس کی پٹرولنگ گاڑیاں ٹریفک کو کانوائے کی صورت میں لیکر جار رہی ہیں۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان عمران احمد شاہ کے مطابق خاص طور پر خراب موسم اور دھند میں اگر سفر کرنا بہت ضروری ہو تو اپنے سفر کو صبح 10بجے سے شام 6بجے دوران پیشگی حفاظتی اقدامات کا خیال رکھتے ہوئے کریں، اگلی گاڑیوں سے محفوظ درمیانی فاصلہ رکھیں۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا اور دورانیہ 12جبکہ دیہات میں 16گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں ننکانہ صاحب اور گردونواح شدید سردی اور دھند کی لپیٹ میں رہے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق کئی ہفتوں سے مسلسل سوئی گیس کی غیرقانونی بندش کی وجہ سے شہریوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے گیس کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔علاوہ ازیں جوہر ٹاﺅن اور سندر کے علاقہ میں دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ نواب ٹاﺅن کے علاقہ جوہرٹاﺅن میں سڑک عبور کرتے ہوئے 28 سالہ نامعلوم شخص تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ سندر کے علاقہ ملتان روڈ پر سڑک کنارے کھڑے 40 سالہ شخص کو بے قابو ویگن نے کچل کر ہلاک کردیا۔ بند روڈ اسلام پورہ میں موٹر سائیکل رکشہ دھند کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گیا جس کے باعث 7 افراد زخمی ہوگئے۔ سروسز ہسپتال کے سامنے موٹر سائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے باعث بابر، عمران اور وحید بٹ زخمی ہوگئے۔ سبزہ زار کے علاقہ کھاڑک میں موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گندے نالے میں گر گئی جس کے باعث موٹر سائیکل سوار جہانزیب اور سلمان زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں شدید دھند نے لاہور ائرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول تباہ کرکے رکھ دیا۔ سوموار کی شام ہی دھند نے ائرپورٹ کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا اور شام 7 بجے فلائٹ آپریشن روک دیا گیا۔ ائربلیو کی جدہ جانے والی پرواز جس نے سہ پہر ساڑھے چار بجے روانہ ہونا تھا، کے مسافروں کی بورڈنگ مکمل ہونے کے باوجود پرواز کو روانہ نہ کیا گیا اور 7 بجے شام فلائٹ آپریشن بند ہونے کے بعد فلائٹ کو 9 بجے کے قریب کینسل کردیا گیا جس پر مسافروں نے ائربلیو کی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ پی آئی اے کی رات دس بجے کویت جانے والی پرواز کے تمام مسافروں کی بورڈنگ مکمل کرنے کے بعد اسے بھی منسوخ کردیا گیا۔

دھند/ 8ہلاک

ای پیپر-دی نیشن