• news

جوڈیشل کمیشن کی عدم تشکیل پر تحریک انصاف کا دوبارہ احتجاج کا عندیہ

دہشتگردی کیخلاف حکومت سے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق، فوجی عدالتوں کی حمایت۔ جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو احتجاج کا آپشن موجود ہے: تحریک انصاف۔
تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے اجلاس میں حکومت کیساتھ دہشتگردی کیخلاف تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ملکی حالات کے تناظر میں نہایت اہم اور خوش آئند ہے۔ اس وقت حکومت، اپوزیشن اور فوج کا دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں ایک پیج پر آنا بہت ضروری ہے۔ اجلاس میں حکومت پر یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر اس نے جوڈیشل کمیشن کے معاملے میں رد و کد کی تو تحریک انصاف کے پاس احتجاج کا آپشن موجود ہے۔ اب یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ قومی ہم آہنگی کی اس فضا کو برقرار رکھتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل میں مزید تاخیر نہ کرے۔ تحریک انصاف کی شرائط پر فوری اقدامات کر کے اپنی نیک نیتی کا ثبوت دے تاکہ کل دھرنوں، جلسوں اور ریلیوں والی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو جو ملک و قوم کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچا چکی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کے قیام کی راہ میں جو رکاوٹیں حائل ہیں‘ حکومت ان کو دور کرے اور سیاسی میدان میں مفاہمت کو فروغ دے تاکہ افواج پاکستان کی توجہ دہشت گردی کی جنگ میں کامیابی پر ہی مرکوز رہے۔

ای پیپر-دی نیشن