حکومت کا افغان مہاجرین سمیت غیرملکی افراد کی نشاندہی کیلئے خفیہ سروے کرانے کا فیصلہ
اسلا م آ با د (آن لائن)وفاقی حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے ملک گیر سطح پر افغان مہاجرین سمیت غیر ملکی افراد کی موجودگی کی نشاندہی کیلئے انٹیلی جنس بنیادوں پرخفیہ سروے کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ سروے وفاقی وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ اداروںکے باہمی اشتراک سے کرایا جائے گا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ جبکہ اس سروے کے دوران جن غیر ملکی تارکین وطن کے بارے میں یہ معلومات موصول ہوں گی کہ وہ منفی سرگرمیوں یا کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے واقعے میں ملوث ہیں تو ان کو باضابطہ طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف دہشت گردی اور تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے اور سپیڈی ٹرائل کورٹ میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ہدایت کی ہے کہ ملک گیر سطح پر غیر ملکی افراد کی معلومات کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے انٹیلی جنس کے ذریعے جامع سروے کیا جائے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ نے جامع پالیسی بنانے کے لئے جلد اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹری داخلہ، آئی جیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر حساس اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی ملک گیر سروے کے حوالے سے مربوط پالیسی کا تعین کرے گی اور سروے کے حوالے سے نادرا، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ سروے تمام اضلاع میں تھانوں کی سطح پر سپیشل برانچ کرے گی جبکہ دیگر خفیہ ادارے مانیٹرنگ کریں گے، سروے کیلئے قواعد نامہ مرتب کیا جائے گا۔ پالیسی کے تعین کے بعد یہ سروے خفیہ طور پر شروع کیا جائے گا۔