• news

لاہور ایئرپورٹ: فرنٹ ویل ایکسل ٹوٹنے پر نجی ایئرلائن کا جہاز رن وے سے اتر گیا

لاہور (خبرنگار+ سپورٹس رپورٹر+ ایجنسیاں) لاہور ائر پورٹ پر ملکی ہوا بازی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کراچی سے آنیوالا نجی ائرلائن کا بوئنگ 737 جہاز فرنٹ ویل کا ایکسل ٹوٹ جانے پر رن وے سے اتر گیا تاہم طیارے میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے۔ نجی ائرلائن کا طیارہ کراچی سے 3 بجکر 15 منٹ پر لاہور پہنچا تھا۔ ائر پورٹ ذرائع کے مطابق فرنٹ ویل کا ایکسل ٹوٹنے کا واقعہ لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ پائلٹ نے حاضر دماغی سے طیارے کو کنٹرول کیا تاہم طیارہ رن وے سے اتر کر کچے میں چلا گیا۔ حادثے کے بعد ائرپورٹ کو پروازوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا بعدازاں طیارے کو گراؤنڈ کر کے ائر پورٹ کو کلیئر قرار دیدیا گیا تاہم ائرپورٹ بند ہونے سے اس ائرلائن کی ابوظہبی، شارجہ، دمام اور دیگر کمپنیوں کی بھی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ رن وے سے اترنے والے بوئنگ 737 جہاز سے تمام مسافروں کو اتار لیا گیا۔ لینڈنگ کے دوران ایکسل ٹوٹنے سے جہاز جب جھٹکے کھانے لگا تو کئی مسافروں کی چیخیں نکل گئیں۔ بعض مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ سول ایوی ایشن حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قبل ازیں ایک نجی ائیر لائن کی انتظامیہ نے لاہور سے کراچی جانے والے 4 قومی کرکٹرز سمیت تیس مسافروںکو آف لوڈ کر دیا، کئی مسافروں نے مشتعل ہو کر عملے سے تلخ کلامی بھی کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرواز میں پین ٹینگولر سیریز میں شرکت کے لئے جانے والے قومی ٹیم کے کھلاڑی اظہر علی، محمد عرفان، احسان عادل اور ذوالفقار بابر سوار تھے۔ اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کنفرم ٹکٹ موجود ہیں اس کے باوجود انتظامیہ اوور لوڈنگ کے باعث مسافروں کو تنگ کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں ائرپورٹ پر پی آئی اے کی مدینہ منورہ جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی جس پر مسافروں نے پی آئی کے آفس پر دھاوا بول دیا انتظامیہ نے مسافروں کو 2 جنوری کی پرواز پر منتقل کر دیا۔ پی آئی اے کی پرواز سے 300 سے زائد مسافروں نے مدینہ جانا تھا۔ جنہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن