• news

وزیراعظم نے موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان اور موٹروے میں میرٹ پر نئی بھرتیوں کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا تنخواہوں میں اضافہ احسان نہیں خدمات کا معمولی اعتراف ہے‘ کراچی لاہور موٹروے کا سنگ بنیاد جلد رکھ دیا جائے گا۔ منگل کو اسلام آباد میں موٹروے پولیس کی سالانہ کارکردگی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کی تقریب میں شرکت کرکے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ جب موٹروے کا سنگ بنیاد رکھا تو شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا اور اسے ایک اچھوتے خیال کے طور پر لیا گیا لیکن پہلے ہی روز موٹروے کا تصور عملی طور پر نظر آنے لگا۔ موٹروے کی 16 سالہ تاریخ شاندار مثالوں اور کارناموں سے بھری  پڑی ہے۔ ہمیں رشوت سے پاک موٹروے پولیس پر فخر ہے۔ کوئی موٹروے پولیس سے نفرت نہیں کرتا، تمام عوام موٹروے پولیس سے پیار کرتے ہیں۔ ان کے متعلق کبھی کوئی شکایت نہیں سنی۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس میں حال ہی میں میرٹ پر نئی بھرتیاں کی گئیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔ بھرتیوں کا فیصلہ موٹروے پولیس میں افرادی قوت میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی جی موٹروے پولیس ذوالفقار چیمہ نے موٹروے پولیس کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل بارے بتایا ہے اور کچھ بہتر تجاویز بھی دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطہ معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ ذوالفقار چیمہ نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہمیں ترقی و خوشحالی کے راستے پر بڑھتے ہوئے مستقبل کی ضروریات کو پیش نظر رکھنا ہے۔ موٹروے پولیس کو بہتر ادارہ بنانے کیلئے ہرممکن مدد دی جائے گی۔ موٹروے پولیس کی 16 سال کی تاریخ شاندار مثالوں سے بھری ہوئی ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم سے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملاقات کی۔ عامر خان نے وزیراعظم سے سانحہ پشاور پر تعزیت کی اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ عامر خان نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کی اکیڈمی قائم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے عامر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہمیں کامیابیوں پر فخر ہے۔ ملک سے دہشت گردی کو جلد ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ملاقات میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور پولیٹکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن