کشمیر آج بھی متنازعہ مسئلہ، حل ناگزیر ہے: عبدالباسط
سرینگر( آن لائن ) بھارت میں تعینات پاکستانی سفیر عبدالباسط نے کہا ہے کہ کشمیر آج بھی ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن سے ہی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ وہ دہشتگردی پر یقین نہیں رکھتا بلکہ ملک نائن الیون ممبئی حملوں کے بعد سے دہشتگردی جھیل رہا ہے۔ بھارت اور پاکستان کو مل کر کام کرنا ہوگا ہم سمجھتے ہیں کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اور انہیں بات چیت کے لئے اس لئے مدعو کیا گیا ہے کہ انہیں بات چیت کے عمل سے جوڑا جائے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ جب تمام فریق شامل ہوجائینگے تو بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ امن کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور پاکستان بہتر رشتوں کے لئے بھارت کے ساتھ اپنے وعدے پر برقرار ہے۔