آپریشن کی براہِ راست کوریج نہ کی جائے، دہشتگرد بلیک آئوٹ کر دئیے جائیں: قائمہ کمیٹی
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے اطلاعات و نشریات نے نجی چینلز کو 15روز تک اپنے اپنے ایڈیٹوریل کی تفصیلات پیمرا کو فراہم کرنے اور آپریشن کی براہ راست کوریج نہ کرنے کی ہدایت کی ہے، مجلس قائمہ نے کہا میڈیا دہشت گردوں کو بلیک آئوٹ کرے اور دھمکی آمیز پیغامات کو قطعاً نظر انداز کرے۔ اے پی این ایس نے حکومت کو دو ٹوک الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر قوانین میں ترمیم کی گئی تو سختی سے مزاحمت کی جائے گی۔ مجلس قائمہ کا اجلاس چیئر پرسن ماروی میمن کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ جس میں مجلس قائمہ کے ارکان کے علاوہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات چودھری اعظم، قائمقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور، ممبران پیمرا، پی آئی او رائو تحسین، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای، سینئر صحافیوں وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اے پی این ایس نے میڈیا قوانین میں ترامیم کی مخالفت کی جس پر ماروی میمن نے کہا سخت قانون سازی صرف جنگی حالات کی وجہ سے کر رہے ہیں۔ مجلس قائمہ نے پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا سیکرٹر ی اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ پیمرا رولز کے مطابق مفاد عامہ کے پیغامات نشریات کا 10فیصد ہیں تاہم چینل پوائنٹ فائیو پرسنٹ بھی مفاد عامہ کے پیغامات نشر نہیں کرتے، جس پر سی پی این ای کے نمائندے خوشنود علی خان نے کہا کہ پیمرا حکومت کے اشتہاری میسج چلانے کو کہتا ہے، جو پیڈ کنٹکٹ ہوتا ہے، پیمرا اشتہار اور پبلک سروس میسج میں فرق سمجھے۔، اے پی این ایس نے کہا ہے کہ میڈیا کیلئے قانون میں ترمیم کے بجائے میکنزم تیار کیا جائے۔