کراچی: پرتشدد واقعات میں 2 سیاسی کارکنوں سمیت 7 افراد ہلاک
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز4 میں مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کرکے پراپرٹی ڈیلر 30 سالہ محمد اسماعیل بروہی کو ہلاک اور اس کے محافظ 40 سالہ محمد اکبر کو زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول اسماعیل بروہی پر اس سے قبل کوئٹہ میں بھی حملہ کیا گیا تھا اور اسے کراچی میں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ادھر موچکہ کے علاقے میں حب ریور روڈ پر ایک شخص کی بوری بند لاش ملی جسے تشدد اور گلا کاٹ کر ہلاک کرنے کے بعد جلایا بھی گیا تھا۔ مقتول کی شناخت 40 سالہ سکندر کی حیثیت سے ہوئی۔ اس کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بھی تھا۔ اس کے علاوہ پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک6 میں مٹھائی کی مشہور د کان دہلی سوئٹس کے قریب واقع ایک پرانے بنگلے سے دو بہنوں 60 سالہ رضیہ اور65 سالہ صوفیہ کی تشدد زدہ لاشیں ملیں پولیس کے مطابق بنگلے میں دونوں بہنیں ہی رہتی تھیں اور انہیں زہر بھی دیا گیا تھا۔ مزید براں سچل کے علاقے میں مسلح افراد نے اینٹی وائلٹ کرائم سیل کے سب انسپکٹر45 سالہ نعیم جسکانی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ نارتھ کراچی میں کار پر فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کارکن عرشی جاں بحق ہو گیا۔ دریں اثنا سعید آباد کے علاقے یوسف گوٹھ میں پولیس مقابلے میں مبینہ 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور 2 پستول برآمد ہوئے۔ بلوچ کالونی کے علاقے میں شہید ملت ایکسپریس وے پر سادہ لباس پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ ملزم کی شناخت اشعر اقبال کے نام سے ہوئی۔ ادھر سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پولیس سندھ کے دفتر میں چوری کی واردات نامعلوم افراد لیپ ٹاپ، فیکس مشین سمیت ایک لاکھ روپے مالیت کا سامان لے اڑے، تاہم سنٹرل پولیس کے عملے کی جانب سے واردات کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ لیاری میں کرائم برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کرائم برانچ شاہجہان خان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جن میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے۔ ایس ایس پی کرائم برانچ کا مزیدکہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 5کلو دھماکہ خیز مواد‘ ایس ایم جی‘ 3رپیٹر اور پستول برآمد ہوئے ہیں‘ دہشت گردوں نے پشاور کی متنی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 8اہلکاروں کو قتل کیا‘ گرفتار دہشت گردوں کا سرغنہ طارق آفریدی ضرب عضب کے دوران مارا جاچکا ہے۔ دوسری طرف محکمہ داخلہ سندھ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سال نو کے موقع پر کراچی میں 24 گھنٹوں کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا اطلاق آج 31 دسمبر کی صبح 6 بجے سے کل یکم جنوری کی صبح 6 بجے تک ہو گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔