گیس، بجلی کی بندش جاری، دھند بھی برقرار، سردی سے معمر شخص جاں بحق
لاہور+ گوجرانوالہ (کامرس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) بجلی اور گیس کی بندش گزشتہ روز بھی جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے، گیس بند ہونے کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے اور خواتین کو کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ شدید دھند کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور معمولات زندگی شدید متاثر رہے۔ گوجرانوالہ میں سردی کے باعث معمر شخص دم توڑ گیا۔ ضلع کے شہری علاقوں میں 8جبکہ دیہی علاقوں میں 10گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح سے ایل پی جی گیس غائب ہو گئی جبکہ شدید دھند کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ شورکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق جھنگ ملتان روڈ اور کینٹ روڈ پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں 7افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر گوجرانوالہ میں لمبانوالی کا رہائشی 50سالہ کرامت جس کا ذہنی توازن درست نہیں تھا جو اروپ میں واقع اپنے ڈیرے پر جا رہا تھا مگر دھند کے باعث راستہ بھٹک گیا اور رات بھر راستے میں کھڑی ایک ٹرالی کے پاس بیٹھا رہا اس دوران سردی کی شدت کے باعث وہ دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی سے شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا۔ دسمبر کے حوالے سے شارٹ فال ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا اس سے قبل دسمبر میں کبھی بھی شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز نہیں کیا۔ شارٹ فال میں ہونے والے اضافہ کا بوجھ دیہی علاقوں پر ڈال دیا گیا۔ مرمت کے نام پر بھی بجلی کی بندش میں اضافہ کر دیا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں 16گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 20 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ مرمت کے نام پر تمام سب ڈویژنوں میں تین تین فیڈرز دس دس گھنٹے کے لئے بند رکھے گئے۔ علاوہ ازیں سردی کی شدت میں اضافہ ہونے اور دھند بڑھنے سے گیس کا شارٹ فال18سو ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گیا۔ لاہور میں گیس کی بندش سے شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہری علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ8سے 10گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق نواحی آبادی شہزاد ٹائون کے سینکڑوں مکینوں جن میں مرد عورتیں اور بچے شامل تھے نے گیس کی بندش کے خلاف مریدکے نارووال روڈ پر ٹائر جلاکر شدید احتجاج کیا اور دو گھنٹے تک مظاہرہ کیا جس سے نارووال روڈ پر ٹریفک جام ہوکر رہ گئی۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں سوئی گیس کی بدترین اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری رہا، عوام کو شدید سردی اور دھند میں سوئی گیس نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ مسلسل 18سے 20گھنٹے گیس کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ گھریلو خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا رہا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔