عالمی باکسر عامر خان کی حب الوطنی اور جذبہ ایثار
سانحہ پشاور پر نہ صرف مسلم امہ بلکہ پوری بنی نوع انسانیت تڑپ اٹھی، یہ ایک ایسا المناک سانحہ ہے جس نے بلا رنگ و مذہب سب کو اشکبار کر دیا۔ پوری دنیا نے نہ صرف اس شرمناک اور بزدلانہ دہشت گردی کی مذمت کی بلکہ متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی قوم سے اظہار ہمدردی و یکجہتی بھی کیا۔ برصغیر پاک و ہند کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار جن کا آبائی گھر پشاور میں ہے وہ بھی بمبئی میں بستر علالت پر افسردہ اور اشکبار ہو گئے۔ جبکہ بھارتی اداکار سلمان خان اور شاہ رخ خان نے بھی اس سانحہ جانکاہ پر رنج و غم کا اظہار کیا، دیگر بھارتی غیر مسلم اداکاروں نے بھی اسی طرح اپنے جذبات کا برملا اظہار کیا۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر لائٹ ویٹ چیمپئین عامر خان بھی اس المناک سانحہ پر صرف غمزدہ اور رنجیدہ ہی نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے فوری طور پر پاکستان آ کر اس امر کا برملا اظہار بھی کر دیا کہ پوری امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے جس کے کسی بھی حصہ کو تکلیف پہنچنے پر پورا جسم بھی وہ تکلیف اور درد محسوس کرتا ہے اور باکسر عامر خان یہ درد اور تکلیف کیوں محسوس نہ کرتے کیونکہ وہ خود بھی تو ایک کمسن بچی کے باپ ہیں اس موقعہ پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا تھا اور وہ بھی سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم اور بے گناہ بچوں کے والدین کے غم میں عملی طور پر شریک ہوئے عامر خان کے لئے یہ تصور بھی محال ہے کہ اس سانحہ پر متاثرہ خاندانوں کے احساسات کیا ہیں؟ عامر خان نے آرمی پبلک سکول پشاور کی تعمیر نو کے لئے اپنی نیکریں نیلام کرنے کا اعلان بھی کیا انکی نیکروں کی نیلامی پاکستان اور برطانیہ کے کسی بھی شہر میں ہو سکتی ہے۔
باکسر عامر خان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی اور ان سے ملاقات میں سانحہ پشاور کے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پشاور میں معصوم طلبہ پر وحشیانہ فعل کی مذمت کی انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مدد سے ملک میں دہشت گردی ختم کرنے کی ضرورت ہے عامر خان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور پاکستان کو پر امن ملک بنانے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مدد سے دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کے لئے خدمات پر باکر عامر خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ عامر خان نے بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ بکا خیل کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل اختر جمیل، رائو بریگیڈئیر آفتاب اور کیپٹن اسامہ بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر عامر خان نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جیت پاک فوج کی ہو گی اور جلد ہی پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل صفایا ہو جائے گا۔ عامر خان نے آئی ڈی پیز بچوں میں کھیل کا سامان بھی تقسیم کیا۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے صرف سکول پر حملہ نہیں کیا بلکہ دراصل یہ حملہ پاکستان کے مستقبل پر ہے جبکہ معصوم بچوں اور خواتین کو شہید کرنا انسانیت نہیں۔ عامر خان کا دورہ پشاور کا سب سے بڑا مقصد طلبہ کا اعتماد بحال کرنا تھا تاکہ وہ اپنی تعلیم کو پہلے کی طرح جاری و ساری رکھ سکیں۔ کیونکہ یہ بچے خوفزدہ او اپنے ساتھی طلبہ کی اچانک المناک اور روح فرسا شہادت پر نہایت دکھی بھی ہیں عامر خان کو پاکستان آنے سے قبل ڈرایا بھی گیا کہ آپ وہاں مت جائو کیونکہ وہ خطرناک جگہ ہے لیکن عامر خان نے اس ڈراوے پر کان نہیں دھرے بلکہ ان کا دل تو پشاور کے معصوم طلبہ کے ساتھ دھڑک رہا تھا وہ تمام تر خدشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پشاور آئے اور متاثرہ والدین کے غم میں شریک اور طلبہ کا اعتماد بحال کرنے کے لئے سرگرم ہوئے عامر خان نے دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ دہشت گردی روئے زمین پر انسانیت کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اور دہشت گردی ختم کرنے کے لئے ہر فرد کو لڑنا چاہئیے ہمارے بچوں کو ہر صورت تعلیم حاصل کرنی چاہئیے، انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے اور دہشت گردی کیخلاف بڑی قربانیاں دینے کا اعزاز بھی وطن عزیز کو حاصل ہے۔ عامر خان نے وزیر اعظم میاں نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، عمران خان اور ملک ریاض سے بھی ملاقات کی اور ان سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
باکسر عامر خان نے بروقت پاکستان کا دورہ کر کے قوم کیساتھ جس اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا ہے ان کا یہ جذبہ قابل تحسین اور بیرون ملک مقیم ارب پتی پاکستانیوں کیلئے بلاشبہ لائق تقلید ہے شہرہ آفاق امریکی باکسر محمد علی سے پاکستانیوں کی محبت کسی سے پوشیدہ نہیں رہی لیکن باکسر عامر خان پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں اور ان کا دل پاکستانی قوم کیساتھ دھڑکتا ہے اور ان کے دل میں اپنی پاک افواج کے لئے بہت نیک پر خلوص جذبات بھی ہیں عامر خان پاکستانی قوم سانحہ پشاور پر آپکے پر خلوص جذبے کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔