• news

اسلامی ممالک میں جنگ و جدل سازش، امریکہ طاقت سے دنیا کو زیر کرنا چاہتا ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی سازش کے تحت عالم اسلام کے 13ممالک میں جنگ و جدل کا بازار گرم کیا گیا۔ امریکہ دنیا کو طاقت کی بنیاد پر زیر کرنا چاہتا ہے جب کہ اسلام امن و محبت کا درس دیتا ہے، شریعت کے نظام میں ہی امن کی ضمانت ہے اور یہی نظام مجرموں کا خاتمہ کر سکتا ہے۔ شریعت ِ محمدی کا نظام ہی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔ نئی نسل کو دین کی طرف لے جانے، مساجد کو آباد کرنے اور ہر دل کے اندر عشق ِ مصفطیٰؐ کے نور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان بن سکتا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے تحت منعقدہ رحمت للعالمینؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ؐ نے عورت کو بلند مقام و مرتبہ عطا کیا، آپؐ نے یتیموں، بیوائوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا درس دیا ہے۔ ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کی اس لیے ہمیں ان کی تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں نافذ کرنا چاہیے۔ اگر ہم نے دین کو پورے کا پورے اپنا لیا تو ہم ناقابل تسخیر قوت بن سکتے ہیں۔ ہمیں غور کرنا ہوگا کہ ہماری معیشت، معاشرت، عدالتی نظام، سیاست شریعت کے تابع ہیں ہمیں ان سب نظاموں کو دین کے تابع کر نا ہوگا۔ سود کو اللہ نے اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف جنگ قرار دیا ہے لیکن آج ہمارا معاشرہ سود کی لعنت میں جکڑا ہو ا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے بار بار فرمایا تھا کہ ملک اسلام کے نام پر قائم کیا جا رہا ہے لیکن آج ہم مغرب کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ہم نے حق اور سچائی کو چھوڑ دیا ہے اور نبی کریم ؐ کی تعلیمات سے منہ موڑ لیا ہے اس لیے آج تباہی و بر بادی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو دین کی طرف لے جانے اور ان کے دل میں عشق نبوی ؐ کو اجاگر کرنا ہوگا۔ ہمیں رنگ و نسل اور علاقے کی بنیاد پر تقسیم در تقسیم کے عمل کو ختم کرنا ہوگا اور ایک جسد واحد بننا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن