دھند جاری، ٹریفک حادثے اور سردی سے 2 افراد ہلاک، بجلی، گیس کی بندش پر مظاہرے
لاہور/ ملتان (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران + این این آئی) پنجاب کے میدانی علاقے سخت سردی اور شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان دم توڑ گیا، سردی سے ٹھٹھر کر نوجوان دم توڑ گیا جبکہ بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے اور گزشتہ روز بھی مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں دھند چھائی رہی۔ شام ڈھلی تو مطلع قدرے صاف رہا تاہم رات ہوتے ہی دھند نے پھر سے ڈیرے جما لئے۔ دھند کے باعث موٹروے پر بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند جبکہ چھوٹی گاڑیاں قافلے کی صورت چلائی جاتی رہیں۔ ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ شمالی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے رہا، گزرے چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی بارہ سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت ایک اور لاہور میں دو، دیربالا میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے دھند کا سلسلہ مزید کئی روز جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، سردی کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، کئی علاقوں میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق حاصل پور پر وہاڑی کا رہائشی نوجوان ذیشان طارق موٹر سائیکل پر ریکوری کے لئے جا رہا تھا ٹرک کے ساتھ ٹکر ہوگئی اور وہ دم توڑ گیا۔ حجرہ شاہ مقیم سے نامہ نگار کے مطابق شدید سردی میں بھی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی بندش سے گھریلو خواتین پریشانی کا شکار رہیں اور حکمرانوں کو کوسنے لگیں۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی بندش کے باعث گھروں میں کھانا نہ پک سکا اور چولہے ٹھنڈے رہے جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دھمکی دی اگر گیس پریشر ٹھیک نہ ہوا تو لاہور فیصل آباد روڈ کو بلاک کردینگے۔ علاوہ ازیں سال کے آخری روز بھی بجلی اور گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے معمولات زندگی شدید رہے۔ جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہوئیں۔ شارٹ فال میں اضافہ کا بوجھ دیہی علاقوں پر ڈال دیا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں 15 گھنٹے اور دیہی علاقوں و چھوٹے شہروں میں 20 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ مرمت کے نام پر تمام سب ڈویژنوں میں تین تین فیڈرز دس دس گھنٹوں کے لئے بند رکھے گئے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابقنشے کا عادی نوجوان سردی سے ٹھٹھر کر دم توڑ گیا۔ محلہ حیدری کے 28سالہ قمر زماں کو گھروالوں نے عاق کررکھا تھا جو گذشتہ رات جی ٹی روڈ پر واقع انڈر پاس میںاپنی عارضی آرام گاہ میں سردی سے ٹھٹھر کر دم توڑ گیا۔