ملتان:مالکان کا 17 سالہ ملازم پر مبینہ تشدد پانچویں منزل سے نیچے پھینک دیا
ملتان(آن لائن)ملتان میں پلازہ مالکان کا 17 سالہ ملازم پر مبینہ تشدد، پلازے کی پانچویں منزل سے نیچے پھینک دیا۔ ملازم کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے پلازہ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے زکریا ٹاؤن کا رہائشی 17 سالہ جاوید پلازہ میں صفائی کا کام کرتا تھا۔ پلازے کے مالکان شائشتہ، علی ممتاز اور مدثر نے ملازم پر چوری کا الزام لگا کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے پلازہ کی پانچویں منزل سے نیچے پھینک دیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ نوجوان کو تشویشناک حالت مین نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق اس کی حالت خطرے میں ہے ۔ دوسری طرف پولیس کی جانب سے ملزمان کیخلاف کارروائی نہ ہونے پر ورثاء نے پلازے کے سامنے احتجاج کیا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی اور مقدمہ کے اندراج کے بعد ورثا نے احتجاج ختم کر دیا۔ تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کی والدہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔