ہائیکورٹ: سانحہ انارکلی کیس، صوبائی و ضلعی حکومتوں سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب، سماعت 22 جنوری تک ملتوی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ انارکلی کے ذمہ داروں کے تعین اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے دائر درخواست پر صوبائی حکومت، ضلعی حکومتوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر مدعا علیہان سے جواب طلب کرتے ہوئے معاملہ جسٹس منصور علی شاہ کو بھجوا دیا تاکہ اس کیس کو اس نوعیت کے دائر دوسرے کیسوں کے ساتھ سنا جائے۔ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سانحہ انارکلی میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے، اسکی وجہ متعلقہ محکموں کی ناقص کارکردگی تھی، اگر عمارتیں مطلوبہ معیار کے مطابق بنائی جائیں اور ایسے واقعات سے نبٹنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جاتی تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے۔ متعلقہ حکام کی نااہلی کی وجہ سے تا حال سانحہ انارکلی کے ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوسکا اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت نے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے لہٰذا عدالت معاملہ کا جائزہ لے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22جنوری تک ملتوی کردی۔
سانحہ انارکلی