• news

افغانستان : شادی کی تقریب پر راکٹ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت مرنیوالوں کی تعداد 26 ہو گئی

 ہلمند (آن لائن+ رائٹرز) افغانستان میں شادی کی ایک تقریب میں راکٹ حملے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 26 ہو گئی، 45 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکا م کے مطابق صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں افغان فوجیوں اور طالبان کے درمیان لڑائی کے دوران افغان فورسز کی طرف سے فائر کیا گیا ایک راکٹ شادی کی تقریب میں گرے۔ عینی شاہدین کے مطابق جب یہ حملہ ہوا تو مہمان دلہن کے استقبال کے لیے مکان کے باہر جمع تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، راکٹ کا نشانہ بننے والے مکان کے مالک عبدالحلیم کا کہنا ہے کہ جب یہ حملہ ہوا تو مہمان دلہن کے استقبال کےلئے مکان کے باہر جمع تھے۔ان کا کہنا تھا کہ خود ان کے 9 بچے اس واقعے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ میں نے صرف جسموں کے ٹکڑے جمع کیے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ یہ میرے بچوں کے ٹکڑے ہیں یا کسی اور کے۔ سنگین پولیس ترجمان فرید احمد عبید نے امر یکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ زخمیو کو لشکر گاہ میں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ افغان فوج کے نائب سربراہ جنرل محمود نے کہا ہے کہ گاﺅں پر تین اطراف سے راکٹ مارے گئے۔ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور جو اس میں ملوث ہوں گے انہیں سخت سزا دی جائے گی۔ ادھر طالبان نے مذمت کرتے ہوئے کہا مارٹر گولہ تقریب پر پھینکا گیا جس میں 62افراد مارے گئے، افغان فوج ملوث ہے۔
افغانستان

ای پیپر-دی نیشن