• news

سانحہ پشاور: جے یو آئی (ف) نے 19 جنوری کو ملک گیر احتجاج ملتوی کر دیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی نے 19جنوری کو ملک گیر احتجاج ملتوی کر دیا، یہ اعلان پارٹی کے قائم مقام سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے پارٹی راہنماﺅں کے مشاورتی اجلاس اور رابطوں کے بعد کیا۔ مشاورت میں مولانا محمد یوسف، مولانا صاحبزاہ عبدالقیوم، مولانا فضل علی حقانی، سکندر خان ایڈووکیٹ، مولانا عطاءالرحمن، محمد اسلم، مفتی ابرار، سید فضل علی، حاجی شمس الرحمن، عبدالرزاق عابد لاکھو اور دیگر شامل تھے، جے یو آئی نے امیر مولانا فضل الرحمان پر قاتلانہ حملہ، مولانا ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل اور ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی رہنماﺅں نے کہا پشاور کے سانحہ کے بعد کراچی لاہور میں آگ لگنے کے سانحات کی وجہ سے پوری قوم غم میں ڈوبی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا جے یو آئی بھی متاثرہ گھروں کے سوگ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ نے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق 19جنوری کو ملک بھر میں ضلعی ہیڈ کواٹرز پر احتجاجی جلوس اور مظاہرے کرنے تھے ان سانحات کی وجہ سے مظاہروں کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مولانا محمد امجد خان نے بتایا اس کے بعد کے پروگرام طے شدہ فیصلے کے مطابق ہوں گے۔ دریں اثناءمولانا محمد امجد خان نے بتایا پارٹی کے انتخابی عمل کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لینے اور انہیں نمٹانے کے لئے امیر جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے قائم کمیٹی کے نئے سربراہ کی منظوری دے دی ہے۔کمیٹی کے نئے سربراہ مولانا صاحبزادہ عبدالقیوم ہالیجوی ہوں گے۔ اس سے قبل مولانا ڈاکٹر خالد محمو سومرو مر حوم کمیٹی کے سربراہ تھے۔ کمیٹی کے نئے سربراہ کے معاون خصوصی محمد اسلم غوری ہوں گے۔
جے یو آئی (ف)


ای پیپر-دی نیشن