اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے جسٹس عامر فاروق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد (آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے جسٹس عامر فاروق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، کی تقریب حلف برادری ہائیکورٹ کے کمیٹی روم میں جمعرات کے روز ہوئی ۔ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے عامر فاروق سے حلف لیا۔ جسٹس عامر فاروق کی حلف تقریب برادری میں چیف جسٹس محمد انور خان کاسی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی ،ایڈیشنل آٹارنی جنرل آف پاکستان آفنان کریم کنڈی ،ڈپٹی آٹارنی جنرل حسنین ابراہیم کاظمی ،ڈپٹی آٹارنی جنرل بیرسٹر جہانگیر جدون ،سیشن جج راجہ جواد ،انسداددہشگردی کی خصوصی عدالت کے جج کوثر زیدی ڈپٹی رجسٹرار اور ایڈیشنل رجسٹرار کے علاوہ ہائیکورٹ کے عملہ نے شرکت کی ۔بعدازاں تقریب حلف برادری کے بعد جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں دو نئے کیسز کی سماعت بھی ہوئی ۔عدالت میں درخواست گزار صفدرعلی کے وکیل پیش ہوئے ۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میرے کیس پر آفس کی جانب سے اعتراضات لگائے گئے ہیں ۔ عدالت نے اعتراضات دور کرتے ہوئے کیس کی سماعت بھی آئندہ پیر کے لیے ملتوی کردی ۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کا موقف سننے کے لیے تین دن کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے۔جسٹس عامر فاروق کی تقرری کا نوٹیفکشن وزارت قانون وانصاف نے 31 دسمبر کو جاری کیا تھا۔ جسٹس عامر فارو ق کی تقرری کے بعد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 5 ہوگئی ہے اس سے پہلے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی ،جسٹس نورالحق این قریشی ،جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس اطہر من اللہ کام کررہے جبکہ ہائیکورٹ میں آئینی طورپر ججز کی تعداد 7 ہونی چاہیے ابھی بھی ہائیکورٹ میں دوججز کی اسامیاں خالی پڑی ہیں ۔