• news

خضدار: ایف سی کا آپریشن، 4دہشت گرد ہلاک، ایک اہلکار شہید

خضدار + کوئٹہ (ایجنسیاں) سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور سرچ آپریشن میں4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید ہوگیا۔ ایف سی اہلکاروںنے  خضدار کے علاقے نال میں سرچ آپریشن کیا اور دہشت گردوں کا کیمپ تباہ کر دیا۔ اس آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، دہشت گردوں کے کیمپ سے بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ اہلکاروں سے چھینی گئیں سرکاری اسلحہ اور گاڑیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ دہشتگردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں مقامی امن فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ دوسری جانب کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے مال خانے سے 8 کروڑ روپے کا اسلحہ غائب ہو گیا، اسلحہ غائب ہونے کا مقدمہ کینٹ تھانہ میں درج کروایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق معاملے پر تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ بنا لی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں اعلیٰ پولیس افسر ملوث ہیں۔ مال خانے کے انچارج سمیت 6 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، اعلیٰ افسروں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔غائب ہونے والے اسلحہ میں 7لاکھ گولیاں، درجنوں کلاشنکوفیں، رائفلیں اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن