امریکہ اور اتحادی افغانستان میں شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتے ہیں: حافظ سعید
لاہور + تتلے عالی (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ خارجی فتنہ کے نتیجہ میں ہمیشہ مسلمانوں کا شیرازہ بکھرا اور باہمی قتل و غارت گری پروان چڑھی ہے، پاکستان و افغانستان کی طرح پورا عالم اسلام اس فتنہ سے متاثر ہو رہا ہے، کشمیر و فلسطین کی آزادی میں یہ فتنہ بہت بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے، شام میں بھی مسلمانوں کا خون بہانے والے خارجی ہیں، یہودی، صلیبی و ہندو مسلمانوں کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، ہمیں ان فتنوں پر پریشان اور مایوس نہیں ہونا، اسلام و جہاد کے نام پر معصوم بچوں و عورتوں کا خون بہانے والے اسلام دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ خارجی فتنہ پروان چڑھانے کا اصل مقصد مسلمانوں کو آپس میں لڑانا ہوتا ہے۔ یہودی، صلیبی و ہندو پاکستان میں خاص طور پر اس خارجی فتنہ کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ اس فتنہ کے نتیجہ میں مسلمان ٹکڑوں میں تقسیم ہوئے اور ان میں وحدت باقی نہ رہی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ آج جماعۃالدعوۃ اس خارجی فتنہ کے پردے چاک کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوں میں یہ کانٹے کی طرح کھٹک رہی ہے اور بیرونی قوتوں کے تنخواہ دار جماعۃالدعوۃ کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے مسجدوں، مارکیٹوں میں بم دھماکے اور بچوں و عورتوں کا قتل کرنے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں اپنی شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں اسی لئے اسے میدان جنگ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے تتلے عالی کے نواحی گائوں بھرائیاں میں حافظ اسماعیل شہیدکے غائبانہ نمازجنازہ کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ کسی مسلمان کے لئے مسلمان بھائی کا قتل جائز نہیںہے، پاکستان کے اندر جہاد کے فتوے دینے والے گمراہی کے شکار ہیں، کشمیر و فلسطین میں مسلمان کا خون بہانے والے انہیں عزیز اور پاکستانی مسلمان دشمن لگتے ہے، سانحہ پشاور کے بعد اسلام دشمن بھارت کے تنخواہ داروں نے ہمارے خلاف سازشیں شروع دیںان سازشیوں کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے راستے سے غزوہ ہند برپا کرنا ہے، آزادی کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔