• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: الطاف کی تقریر نشر کرنے پر قائم مقام چیئر مین پیمرا کیخلاف رٹ دائر

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے مسلح افواج کو حکومت پر قبضے کی دعوت نشر کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کیخلاف آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت آئینی رٹ پٹیشن دائر کردی گئی ہے اور بیرون ملک سے کسی بھی سیاسی سربراہ کی تقریر  کو براہ راست نشر کرنے کیخلاف عدالت سے حکم امتناعی کی استدعاء کی گئی ہے۔ جمعہ کے روز ایک شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور اور وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹری کو فریق بناتے ہوئے عدالت عالیہ میں دائر  درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 17 دسمبر 2014ء کو ایک سیاسی جماعت کے لیڈر  الطاف حسین نے بیرون ملک سے اپنی جماعت کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کو حکومت پر براہ راست قبضے کی دعوت دی  جس کو تمام پرائیویٹ میڈیا چینلز نے نشر کیا اور پیمرا کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اسی سیاسی لیڈر نے ایک ہفتے بعد یہی دعوت چیف آف آرمی سٹاف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو باالخصوص طور پر دی اور مسلح افواج کو آئین کی صریح خلاف ورزی پر اکسانے کی کوشش کی ۔

ای پیپر-دی نیشن