• news

گیس بحران جاری، فیصل آباد، سرگودھا اور نارنگ میں مظاہرے، بجلی کی بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ

لاہور/ گوجرانوالہ/ فیصل آباد/ سرگودھا (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی اور گیس کا بحران جاری۔ گیس کی بندش کیخلاف فیصل آباد، سرگودھا اور نارنگ میں مظاہرے، شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی۔ لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش کا مسئلہ جوں کا توں برقرار رہا۔ شہریوں کو بجلی کی بندش نے اذیت میں مبتلا کئے رکھا۔ شہر میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ اس کے ساتھ گیس کی مکمل بندش اور لو پریشر کے باعث صارفین کو گیس دستیاب نہیں ہوئی۔ لاہور میں اقبال ٹاؤن (گلشن بلاک)، الحمد کالونی، سکیم موڑ، مصری شاہ، فیض باغ، جوہر ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ، نشتر ٹاؤن، بادامی باغ، اندرون لاہور، یتیم خانہ، بند روڈ، شاہراہ جی ٹی روڈ، مغل پورہ، گڑھی شاہو، کاچھو پورہ اور دیگر میں گیس کی بندش کا مسئلہ رہا۔ گھریلو خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اور گردونواح میں چند روز سے گیس کے کم پریشر کی وجہ سے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور شہری ہوٹلوں سے مہنگے داموں گھٹیا کھانا کھانے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں۔ اس سے قبل عوامی احتجاج پر گیس حکام نے گیس پریشر میں کچھ بہتری کی تھی مگر پچھلے چند روز سے گیس کا پریشر بالکل ہی ختم ہو گیا ہے اور سارا دن انتظار کے باوجود گیس مہیا نہیں ہوتی۔ شہریوں نے محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے گیس کا پریشر بہتر کیا جائے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف سمیت گردونواح کے علاقوں میں گیس زیر پوائنٹ پر ہوگئی پریشر کم ہونے پر خواتین کوکھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے دوسری طرف شہری ناشتہ کرنے ہوٹلوں کا رخ کرنے لگے ہوٹل مالکان بھی منہ مانگے دام وصول کرنے لگے شہر میں صبح سویرے اور رات کوگیس زیر پوائنٹ پر آجانے سے شہر بھر میں خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خواتین نے دوبارہ لکڑیاں جلانی شروع کر دیں۔ شرقپور شریف میں واپڈا نے غیر اعلانیہ طور پر آٹھ سے دس گھنٹے لوڈ شیڈ نگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے کارباری طبقہ انتہائی پریشان ہے مساجد میں پانی کی قلت کیوجہ سے نمازی بھی وضوکی سہولیات سے محروم رہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق نارنگ منڈی میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بدترین صورتحال اختیار کر گئی سینکڑوں خواتین اور مردوں کا حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ خواتین سینہ کوبی کرتی اور روتی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک مکمل سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگ کھانا پکانے سے محروم ہیں اور بچے کئی کئی دن کے بھوکے ہیں غرباء ہوٹلوں سے کھانا بھی خریدنے سے قاصر ہیں۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ بلال گنج مارکیٹ کے قریب اہل علاقہ نے گیس کی بندش کے خلاف سرگودھا روڈ پر ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے سوئی نادردن گیس کمپنی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقہ کی گیس فوری بحال کی جائے۔ سوئی گیس کمپنی کے افسران نے مظاہرین سے مذاکرات کئے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔ چیچہ وطنی میں گیس کی بندش نے گھریلو خواتین کو ذہنی مریض بنا دیا۔سرگودھا میں رحمان پورہ اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے علاقہ مکینوں نے گیس کی بندش کے خلاف کوٹ فرید روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی جنھوں نے ہاتھوں میں برتن اْٹھا رکھے تھے۔ خوشاب جوہر آباد شہر و گردو نواح میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔

ای پیپر-دی نیشن