این اے 122: 24 ہزار ووٹ جعلی نکلے: پی ٹی آئی، ایاز صادق کے 114 بڑھ گئے: مسلم لیگ ن
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) این اے 122 کے ووٹوں کی جانچ پڑتال میں 270 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے امیدوار کی طرف سے 24 ہزار جعلی ووٹوں کی تصدیق کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سردار ایاز صادق کے ووٹوں میں دوبارہ گنتی کے عمل کے بعد 114 ووٹوں کا اضافہ ہو گیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک کے حکم پر قائم کمشن ڈی سی او آفس کے نادر ہال میں ووٹوں کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔ ابھی تک کمشن نے اپنی حتمی رپورٹ جاری نہیں کی جبکہ دونوں امیدواروں کی جانب سے متضاد دعوے کئے جارہے ہیں۔این اے 122 کے کل 284 پولنگ سٹیشنز ہیں، ابھی 14 سٹیشنز کے ووٹوں کی جانچ پڑتال کا عمل باقی ہے۔ گزشتہ روز 36 کی جانچ پڑتال کی گئی۔