• news

پاک فوج نے ڈی جی لاء افیئرز ڈائریکٹوریٹ کے نام سے نیا عہدہ بنا دیا

راولپنڈی (این این آئی) پاک فوج نے اپنا قانونی محکمہ مضبوط بناتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل لاء افیئرز ڈائریکٹوریٹ کے نام سے نیا عہدہ بنا دیا۔اس حوالے سے فوجی حکام نے قانون کی ڈگری رکھنے والے آرمی افسران کی معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دی ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قانونی محکمہ کو مضبوط بنانے کا عمل پچھلے تین ماہ سے جاری ہے۔ میجر جنرل محمد ارشاد کو ڈی جی (لیگل ڈائریکٹوریٹ) تعینات کر دیا گیا ہے جنہوں نے 28 دسمبر کو اپنا عہدہ سنبھالا۔گزشتہ سال ستمبر کے دوسرے ہفتہ عسکری حکام نے پاکستان فوج کو درپیش قانونی چیلنجوں اور مستقبل کے موضوع پر ایک ان ہاؤس بحث کا انعقاد بھی کیا جس میں فوج کے لیگل ڈائریکٹوریٹ (ایل ڈی) کو اپ گریٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ستمبر میں ہونے والے مباحثے کی سربراہی چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کی تھی۔مباحثے میں جنرل راحیل شریف نے ڈائریکٹر جنرل کی زیر قیادت ایک نئے لاء فیئر ڈائریکٹوریٹ (ایل ڈی) کی باقاعدہ منظوری دی تھی اس کے علاوہ ملاقات میں اگلے دو تین مہینوں کے اندر اندر مجوزہ ایل ڈی کی نگرانی اور جائزہ کیلئے فوری طور پر ایک ڈی جی کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔ ملاقات میں سویلین وکلاء کو محکمہ میں شامل کرنے اور ماہانہ بنیادوں پر نئے محکمہ کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن