عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت آج ہوگی عدالت نے پرویز مشرف کو طلب کر رکھا ہے
اسلام آباد (صباح نیوز) لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور انکی والدہ کے قتل کے مقدمے کی سماعت آج ہفتہ کو ہوگی۔ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر آئی جی پولیس اسلام آباد کو پرویز مشرف کی سکیورٹی کے انتظامات کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پرویزمشرف کو حکم دیا تھا وہ ہر صورت 3 جنوری کو عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر ضامنوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ گزشتہ سماعت پر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے پرویزمشرف کی جانب سے عدالت میں تین درخواستیں دائر کی تھیں، پہلی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے پرویز مشرف کو کیس کے چالان میں خانہ نمبر 2 میں رکھا ہے اسلئے عدالت پرویز مشرف کو طلب نہیں کرسکتی۔ دوسری درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجسٹریٹ نے مقدمہ سیشن جج کو بھیجتے ہوئے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے لہٰذا کیس سماعت کیلئے واپس مجسٹریٹ کو بھیجا جائے۔ تیسری درخواست میں کہا گیا ہے کہ لال مسجد آپریشن کے متعلق مقدمہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے اسلئے سپریم کورٹ کے کسی حتمی فیصلے تک عدالت پرویزمشرف کے خلاف عبدالرشید قتل کیس کی سماعت نہیں کر سکتی۔ قوی امکان ہے عدالت فریقین کے وکلا کے دلائل سن کر تینوں درخواستوں پر آج ہی اپنا فیصلہ سنادیگی۔