• news

ملتان: پی ایم اے کے صدر پر فائرنگ ملزم ڈاکٹر نکلے، تاوان لیتے گرفتار

ملتان (نمائندہ خصوصی) پولیس نے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹر اور پی ایم اے کے صدر شاہد راؤ پر فائرنگ کرنے اور تاوان طلب کرنے پر دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ڈاکٹر کاشف اور ڈاکٹر فرخ شامل ہیں۔ نامعلوم ملزموں نے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹر شاہد راؤ کو دھمکی آمیز خط لکھا تھا اور ان سے 3 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر سی آئی اے سٹاف نے ملزموں کی گرفتاری کی کوشش شروع کردی۔ تاوان نہ ملنے پر ملزموں نے 27 دسمبر کو چوک کچہری کے قریب ڈاکٹر شاہد راؤ کی کار پر فائرنگ کی اور دوبارہ خط لکھ کر 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے تاوان وصول کرنے کے لئے آنے والے ملزموں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں ڈاکٹر کاشف کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ غیر حاضری کی وجہ سے ڈاکٹر شاہد راؤ نے ڈاکٹر کاشف کو امتحان دینے سے روک دیا تھا۔ جبکہ ڈاکٹر فرخ نے رقم کے لالچ میں گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ اور چہلیک میں مقدمات درج ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن