• news

تعلیمات نبویؐ پر عمل کر کے انتہا پسندانہ سوچ کا مقابلہ کر سکتے ہیں: صدر، وزیراعظم، شہباز شریف زرداری، شجاعت، پرویز الٰہی کے پیغامات

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) عید میلاد النبیؐ کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، ق لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، مرکزی رہنما چودھری پرویز الٰہی، مونس الٰہی نے قوم کے نام اپنے الگ الگ پیغام میں کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم انتہا پسندانہ سوچ کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ حضور اکرمؐ کی آفاقی شخصیت دین فطرت پر عمل کی مثال ہے۔ انسانیت کی تکمیل کیلئے جتنے فضائل و اخلاق کی ضرورت ہو سکتی ہے ان سب کی تعلیم ہمیں حضور اکرمؐ نے دی ہے اور خود اس پر عمل کر کے دکھایا ہے۔ عشق رسولؐ اور تعلیمات نبویؐ پر ہمارے ایمان کی عمارت استوار ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ  ہمیں معاشرے میں اخوت، محبت، برداشت، اتحاد، بھائی چارے، مفاہمت اور مذہبی رواداری کا ایک ایسا منظر پیش کرنا چاہئے جس سے متاثر ہو کر لوگ اسلام کی طرف مائل ہونے لگیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ حضرت محمدﷺ کی حیات مبارکہ سرتاپا رحمت و شفقت ہے یہی وجہ ہے کہ آپؐ کو رحمۃ للعالمین اور محسن انسانیت کے عظیم الشان القاب سے یاد کیا جاتا ہے۔ آج کے مبارک دن کا سب سے بڑا تقاضا یہ ہے کہ ہم عقیدت اور محبت کی بابرکت پھوار کے دوران یہ جائزہ لیں کہ یہ عہد، بالخصوص مسلمان جن مسائل کا شکار ہیں اس کا سبب کیا ہے، ضروری ہے کہ ہر طرح کی منفی سرگرمیوں سے اجتناب کرتے ہوئے اپنے معاشرے میں اخوت، محبت، برداشت، اتحاد، بھائی چارے، مفاہمت اور مذہبی رواداری کا ایک ایسا منظر پیش کیا جائے جس سے متاثر ہو کر لوگ اسلام کی طرف مائل ہونے لگیں۔ دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز بھی اسی میں پوشیدہ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف  نے  عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج عید میلادالنبیؐ کے مبارک دن کی آمد پر تمام اہل وطن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم اس نبیؐ کی امت ہیں جنہیں خالق کائنات نے تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔ آپؐ کے ذریعے اللہ تعالٰی نے پوری انسانیت کیلئے فلاح اور کامیابی کا راستہ روشن کردکھایا۔ اسلام دینِ فطرت اور دینِ رحمت ہے۔ یہ مفاہمت، رواداری، مذہبی ہم آہنگی، صلح و آشتی، صبروبرداشت، احترام انسانیت اور افہام وتفہیم کا مذہب ہے۔ حضورؐ کی آفاقی شخصیت دین فطرت پر عمل کی مثال ہے۔ انسانیت کی تکمیل کے لئے جتنے فضائل و اخلاق کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ ان سب کی تعلیم ہمیں حضورؐ  نے دی ہے اور خود اس پر عمل کرکے دکھایا ہے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر  آصف زرداری نے عوام کو  عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے پیارے نبیؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیغمبر حضرت محمدﷺ کی پیدائش ہمارے لئے سب سے عظیم ترین خوشی کا موقع ہے آپ کی تعلیمات اور پیغام ہمارے لئے ہمیشہ مشعل راہ رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نبی آخر الزماں حضرت محمدﷺ نے اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کی بدولت مختصر مدت میں دنیا کی کایا پلٹ دی، آپؐ نے مثالی، سماجی اور معاشی نظام دیا اور دنیا میں انقلاب برپا کیا، حضور اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے،  آپؐ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو درپیش دہشت گردی سمیت تمام مسائل سے نجات دلا کر امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، نبی آخرالزماںؐ نے تمام بنی نوع انسان کو امن و آشتی، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفو و درگزر اور عدل و انصاف کا درس دیا ہے اور رواداری، احترام انسانیت اور پرامن بقائے باہمی کی اسلامی تعلیمات کو عام کرکے بنی نوع انسان کو امن و سلامتی کا روشن راستہ دکھایا۔ آپؐ کی ولادت باسعادت تاریخ انسانیت کا سب سے عظیم واقعہ ہے۔ آپؐ کا اسوہ حسنہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکردنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ (ق) لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ پر ان کا کلمہ پڑھنے والے فرقہ وارانہ، علاقائی، گروہی اور لسانی سمیت تمام تعصبات ختم کر کے اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے متحد و متفق ہو کر جدوجہد کریں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ رحمتہ اللعالمین کی تعلیمات اور سنت طیبہ کی پیروی کے بغیر ہم نہ تو ملک و قوم کو درپیش مسائل پر قابو پا سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے علاوہ دنیا میں بحیثیت قوم کوئی بہتر مقام حاصل کر سکتے ہیں جبکہ آخرت میں بھی ہماری نجات ممکن نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن