پاکستان میں بھارتی فلموں کی غیرقانونی نمائش بند کی جائے : سہیل خان
لاہور (سیف اللہ سپرا) معروف فلمساز سہیل خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی ہے۔ اس کے باوجود بھارتی فلموں کی نمائش ہو رہی ہے۔ ان غیرقانونی بھارتی فلموں کی نمائش فوری طور پر روکی جائے۔ پاکستان میں بھی اچھی فلمیں بننا شروع ہو گئی ہیں، بہت جلد پاکستان فلم انڈسٹری کے حالات بہتر ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ’’شور شرابہ‘‘ کے نام سے فلم بنا رہا ہوں۔ فلم کے ڈائریکٹر حسنین حیدرآباد والا ہیں۔ کاسٹ، میوزک، گلوکار، ٹیکنیشنزپاکستانی ہیں۔ اس فلم میں چار نئے گلوکار متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ اس کے لعاوہ فلم میں کچھ پرانے فنکاروں کے ساتھ نئے فنکار بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم شور شرابہ اردو زبان میں بنائی جا رہی ہے اور اس کی شوٹنگ مارچ میں شروع ہو گی۔ فلم کی تمام تر شوٹنگ پاکستان میں ہو گی اور یہ فلم عیدالاضحی پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کی ریلیز کے بعد مزید فلمیں بنائی جائیں گی۔ میری کوشش ہو گی کہ سال میں دو معیاری فلمیں پاکستان فلم انڈسٹری کو دوں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کی وزارت وفاق کے پاس ہونی چاہئے جس سے یہ وزارت وفاق سے صوبوں کے سپرد ہوئی ہے۔ اس دن سے فلم انڈسٹری لاوارث ہو گئی ہے۔ کسی کو یہ معلوم نہیں کہ اپنے مسائل کے حل کیلئے کس کے پاس جانا ہے خصوصاً جب ایسی جگہ پر شوٹنگ کرنا ہو جو جگہ سرکاری کنٹرول میں ہو تو اجازت لینے کیلئے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لہٰذا ثقافت کی وزارت فو ری طور پر وفاق کو واپس کی جائے۔