سنوکر کھلاڑیوں کو انعامی رقم نہ ملی تو اسلام آباد میں احتجاج کریں گے : عالمگیر شیخ
کراچی (سپورٹس رپورٹر)پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالم گیر شیخ نے کہا ہے کہ سنوکر کھلاڑیوں کو ان کی انعامی رقم نہیں ملی تو اسلام آباد میں احتجاج کریں گے جس کی پلاننگ کر لی گئی ہے۔حتمی فیصلہ منگل کو کریں گے۔یہ بات انہوں نے کراچی جمخانہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں پاکستان کے سنوکر کھلاڑیوں کی پرفارمنس عالمی اور ایشیائی سطح پر بہت شاندار رہی ہے۔پاکستان نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ جیتی جبکہ گزشتہ سال اس کا فائنل کھیلا اس کے علاوہ پاکستان نے ورلڈ سنوکر ٹیم ایونٹ کا فائنل بھی جیتا ۔اس کے علاوہ ایشیا ئی سطح پر بھی کئی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں وزارت کھیل کی جانب سے ایک لیٹر موصول ہوا جس میں سکواش ایسوسی ایشن کو پانچ کروڑ روپے اور سابق ورلڈ چیمپئن محمد آصف کو صرف پانچ لاکھ روپے دینے کی منظوری دی گئی تھی جس کا ہمیں بہت افسوس ہوا اس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ پیر کو ہم سیکرٹری آئی پی سی سے ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے اور اسلام آباد میں ہی احتجاجی مظاہرہ کریں گے جب تک کہ ہمارے سنوکر کھلاڑیوں کو سپورٹس پالیسی کے مطابق انعامی رقم دینے کی یقین دہانی نہیں کرا دی جاتی ۔اگر کوئی مثبت صورتحال سامنے نہیں آتی تو پھر ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان منگل کو کریں گے ۔