اوکاڑہ چھائونی:مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے حساس ادارے کااہلکار جاںبحق
اوکاڑہ چھائونی (نامہ نگار) قومی شاہراہ پر دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر ڈاکوئوں نے حساس ادارے کے ملازم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ اوکاڑہ چھائونی کے قریب آرمی چیک پوسٹ کے سامنے قومی شاہراہ کینٹ بس سٹاپ پر 6 سے زائد ڈاکو رات کے پچھلے پہر راہ گیروں کو لوٹ رہے تھے اس دوران بہاولپور سے بذریعہ بس واپس آنے والا حساس ادارے کا ملازم عبدالمالک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کینٹ سٹاپ پر اترا تو ڈاکوئوں نے گھیر کر لوٹ مار شروع کر دی۔ عبدالمالک نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔ ڈاکوئوں نے فائرکھول دیا جس کی زد میں آ کر حساس ادارے کا ملازم موقع پر جاںبحق ہو گیا۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے سائوتھ سٹی ہسپتال اوکاڑہ منتقل کر دی گئی ۔حساس اداروں اور پولیس نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے ڈاکوئوں کا کھوج لگانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔